سری نگر/جموں// محکمہ مکانات و شہری ترقی (ایچ اینڈ یو ڈِی ڈِی)نے آج ’عالمی یوم ماحولیات ‘کے موقعہ پر قومی مہم ’’ ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ کے تحت ایکو پارک فورشور روڈ سری نگر اور جے ڈِی اے پارک مٹھی کیمپ جموں میں خصوصی شجرکاری مہمات کا اِنعقاد کیا۔سرینگر میں اس تقریب میں متعدد اعلیٰ افسران نے شرکت کی جن میں رُکن قانون ساز اسمبلی حضرت بل سلمان ساگر، کمشنر سیکرٹری مکانات و شہری ترقی محکمہ مندیپ کور، کمشنرایس ایم سی ڈاکٹر اویس احمد، وائس چیئرمین ایل سی ایم اے شاہد سلیم، ایم ڈی امرت وِکاس شرما، ڈائریکٹر یو ایل بی کشمیر قاضی سرور، وائس چیئرمین ایس ڈِی اے محمد رفیع، ایم ڈی ہاؤسنگ بورڈ شہباز مرزا، ایم ڈی این یو ایل ایم مردھو سلاتھیہ اور سی اِی او اَربن ڈیولپمنٹ ایجنسی میر زاہدہ شامل تھے۔سلمان ساگر نے مہم کا آغاز پودا لگا کر کیا۔ اُنہوں نے کہا،’’یہ ایک قابلِ ستائش اقدام ہے جو ہمارے قدرتی ماحول کو بہتر بنائے گا۔ ان درختوں کی اَفزائش سے نہ صرف فضا صاف ہوگی بلکہ آئندہ نسلوں کے لئے صحت مند ماحولیاتی نظام قائم ہوگا۔‘‘کمشنر سیکرٹری مندیپ کور نے کہا، ’’ ’ایک پیڑ ماں کے نام‘ مہم کے ذریعے ہم سبز مقامات قائم کر کے ماں کی بے لوث محبت کا احترام کرتے ہیں۔ ہم تمام شہریوں سے اس مہم میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں۔‘‘اَفسران نے متعدد پودے لگائے اور شہری علاقوں کو سرسبز بنانے، ماحولیاتی تحفظ اوردیرپا ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر اویس احمد نے کہا، ’’ایسی مہمات ہمارے شہروں میں ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لئے بہت اہم ہیں۔‘‘اسی وقت جموں میں بھی ’’ایک پیڑ ماں کے نام‘‘ مہم کا آغاز کیا گیا جو ’’وومن فار ٹری کمپیئن‘‘ کے تحت امروت میترا کی پہل ہے۔جے ڈی اے پارک مٹھی کیمپ میںاس مہم کا افتتاح رُکن قانون ساز اسمبلی جموں ویسٹ اروِند گپتا نے ایک پودا لگا کر کیا۔ اس موقعہ پرمہم میں وائس چیئرمین جے ڈی اے پکنج شرما ،سی اِی او اَربن ڈیولپمنٹ ایجنسی جموں پرویز نائیک ،سپر اِنٹنڈنگ اِنجینئر جے ڈی اے نریندر کمار،ایگزیکٹیو اِنجینئرجے ڈِی اے پوجا وزیر، چیف ٹائون پلانر جگدیش ہنس ، ڈے اے وائی۔ این یو ایل ایم کے سیلف ہیلپ گروپس اور محکمہ جنگلات سمیت مختلف اَفسران نے شرکت کی۔یہ ’’ وومن فار ٹری کیمپئن ‘‘ آج سے شروع ہو کر 31 ؍اگست 2025 ء تک جاری رہے گی جس دوران امرت میترا۔خواتین سیلف ہیلپ گروپس 51 مقامات پرجن میں پارکس اور آبی ذخائر شامل ہیں، 2700 سے زائد درخت لگائیں گی۔ یہ گروپس دو سال تک لگائے گئے درختوں کی دیکھ ریکھ بھی کریں گے۔










