محکمہ سکولی تعلیم نے ’عالمی یوم ماحولیات 2025‘ شایانِ شان طریقے سے منایا

محکمہ سکولی تعلیم نے ’عالمی یوم ماحولیات 2025‘ شایانِ شان طریقے سے منایا

سری نگر// محکمہ سکولی تعلیم (ایس اِی ڈِی)نے ’ عالمی یوم ماحولیات 2025 ‘کے موقعہ پر جموںوکشمیر بھر میں وسیع پیمانے پرشایانِ شان تقاریب کا اِنعقاد کیا جن کا مقصد طلباء اور اساتذہ میں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنا اور عملی اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔سیکرٹری ایس اِی ڈی رام نواس شرما نے تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اُنہوں نے 200 سرکاری و نجی سکولوں کے ایکو کلب ارکان سے آن لائن بات چیت کی۔ اُنہوں نے اِس بامعنی گفتگو میں نوجوانوں کے ماحولیاتی تحفظ میں اہم کردار پر زور دیا۔ اِس موقعہ پر ناظم سکولی تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور جوائنٹ ڈائریکٹر سینٹرل سیّدشبیر احمد بھی موجود تھے۔اِسی دوران ناظم سکولی تعلیم کشمیر نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول امیراکدل سری نگر کے اشتراک سے ایک پُروقار تقریب کا اِنعقاد کیاجس میں طلباء نے ماحولیاتی موضوعات پر اِختراعی ماڈلز پیش کئے اور اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور ماحولیاتی چیلنجوں سے آگاہی کا مظاہرہ کیا۔ کلسٹرسکولوں کے طلباء کے مابین مصوری مقابلہ بھی خاص توجہ کا مرکز رہا۔ اِس موقعہ پر ڈاکٹر جی این ایتو مہمان خصوصی تھے جبکہ سیّد شبیر احمد اور سی ای او سری نگر رفعت قادری بھی اُن کے ساتھ موجود تھے۔گورنمنٹ بوائز ہائیرسیکنڈری سکول گاندربل نے بھی ایک خصوصی پروگرام کا اِنعقاد کیا جس میں اساتذہ اور طلبأنے ماحولیاتی موضوعات پر تقاریر کیں، ایک یادگار ورثہ نمائش پیش کی گئی اور سبق آموزسکٹ بھی پیش کئے گئے۔ ڈاکٹر جی این ایتو مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے جبکہ سی ای او گاندربل، انیل کمار، ڈپٹی سی ای اورومیصا سنگین، ڈپٹی ایس ایس او اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے۔عوامی رسائی کے ایک اہم اقدام کے تحت مختلف سکولوں کے 200 طلبا نے ’’پلاسٹک کی آلودگی سے بچائو‘‘ کے موضوع پر ایک شاندار ریلی میں حصہ لیا۔ یہ ریلی اِنسٹی چیوٹ آف انجینئرز (انڈیا)، جے اینڈ کے سینٹر کے اشتراک سے منعقد ہوئی جو نہرو پارک سے زبرون پارک کوریڈور تک خوبصورت بلیوارڈ روڈ سے گزری۔ اِس موقعہ پر مہماں خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ شانت منو تھے۔ان اہم تقریات کے علاوہ صوبہ کشمیرکے تمام سکولوں میں بھی’ عالمی یوم ماحولیات‘ کو مختلف سرگرمیوں سے منایا گیا۔ سرگرمیوں میں عہد لینا، معلوماتی کوئز، وسیع پیمانے پر شجرکاری، صفائی مہمات، بیداری ریلیاں، سمیناروں، تقاریر، مباحثے، نیچر واکس، میراتھن دوڑیں، مصوری اور سلوگن نویسی کے مقابلے شامل تھے ۔ سب کا مقصد طلباء میں ماحول سے متعلق شعور کو گہرا کرنا اور اس سے محبت پیدا کرنا تھا۔مجموعی طور پر 7,955 سکولوں میں یہ دن منایا گیا جس میں 4,39,072 طلباء، اساتذہ، ہیڈ آف انسٹی چیوشنز اور مقامی کمیونٹی ممبران نے بھرپور شرکت کی۔یہ بھرپور شرکت اور متنوع سرگرمیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ محکمہ سکولی تعلیم جموں و کشمیر میں ماحول دوست شہریوں کی تربیت اوردیرپا طرزِ عمل کے فروغ کے لئے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔