غیر معیاری پیکنگ سے فروٹ منڈیوں کو خطرہ

غیر معیاری پیکنگ سے فروٹ منڈیوں کو خطرہ

سوپور منڈی میں آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ

سرینگر/// یو این ایس / کشمیر کی فروٹ انڈسٹری سے وابستہ رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ غیر معیاری کارڈ بورڈ پیکجنگ (باردانہ) کے بڑھتے استعمال سے فروٹ منڈیوں کا نظام مفلوج ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں تجارتی سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ایشیا کی دوسری بڑی فروٹ منڈی سوپور میں منعقدہ ایک ہمہ وادی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منڈی کے صدر فیاض احمد ملک عرف کاکا جی نے کہا کہ ناقص معیار کا باردانہ نہ صرف سیب اور دیگر پھلوں کی پیشکش کو متاثر کر رہا ہے بلکہ اس سے منڈیوں کی روزمرہ سرگرمیوں میں خلل پڑنے اور حتیٰ کہ منڈیوں کے بند ہونے کا بھی خطرہ لاحق ہو گیا ہے، جو مجموعی معیشت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔یو این ایس کے مطابق اجلاس کے دوران باغ مالکان، کارڈ بورڈ ڈسٹری بیوٹرز، مینوفیکچررز اور بینڈ سا مالکان پر زور دیا گیا کہ غیر معیاری سلکائیڈ مصنوعات پر فوری پابندی عائد کی جائے تاکہ ممکنہ مالی نقصانات سے بچا جا سکے۔ اس موقع پر کارڈ بورڈ بنانے والی کمپنیوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے معیاری سائز اور معیار کے ڈبے تیار کرنے پر اتفاق کیا۔فیاض احمد ملک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر معیاری باردانہ، زرعی ادویات اور کھادوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، کیونکہ ان کی وجہ سے پچھلے چند برسوں میں فروٹ انڈسٹری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر حکومت پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو مرکزی حکومت کے ساتھ اٹھائے اور گزشتہ چند برسوں سے متاثرہ باغ مالکان کے لیے خصوصی ریلیف پیکیج فراہم کیا جائے، تاکہ فروٹ سیکٹر کو بحران سے نکالا جا سکے۔