اونتی پورہ// وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آل اِنڈیا انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) اونتی پورہ کے جاری تعمیراتی کاموں کا موقعہ پر جا کر معائینہ کیا۔اُنہوں نے اس اہم طبی منصوبے کی رفتار اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیاجووادیٔ کشمیر کے سب سے اہم صحت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں سے ایک ہے۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران منصوبے پر کام کرنے والے اِنجینئروں اور دیگر متعلقہ افسران سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے کاموں میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ باقی ماندہ کاموں کو تیزی سے مکمل کیا جائے اور طے شدہ وقت کے اندر منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے کہا، ’’ایمز اونتی پورہ ایک فلیگ شپ پروجیکٹ ہے جو خطے کے صحت شعبے کو ایک نئی جہت دے سکتا ہے۔ اس کی بروقت تکمیل سے لوگوںکو ان کی دہلیزپر عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آئیں گی۔‘‘اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ کے ہمراہ رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ممبر قانون ساز اسمبلی راجپورہ غلام محی الدین میر اور محکمہ صحت،خاندانی بہبود، آیوش اور دیگر متعلقہ محکموں کے ڈائریکٹران و عمل آوری ایجنسیوں کے افسران بھی تھے۔










