Secretary Tourism visited Mansbal, reviewed the facilities

سرمد حفیظ نے محکمہ سیاحت کی جانب سے آنے والے فیسٹولوں کیلئے تیاریوں کا جائز ہ لیا

سری نگر//سیکرٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ نے ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں محکمہ کی طرف سے وادی کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات پر آنے والے مہینوں کے دوران منعقد ہونے والی تقریبات ، فیسٹولوں اور دیگر متعلقہ سرگرمیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں پہلگام ، گلمرگ اور سونہ مرگ سیاحتی مقامات پر دسمبر کے آخری ہفتے میں منعقد ہونے والے ’’ گرینڈ وِنٹر فیسٹول ‘‘ کے اِنتظامات اور تیاریوں پر غور و خوض ہوا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ سرمائی موسم کو مزید متحرک بنانے کے لئے ایک ایونٹ کیلنڈر وضع کیا جائے گاجس میں مقامی ضیافتیں ، موسیقی ، ہینڈی کرافٹس وغیرہ شامل ہوں گے اور قومی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔اُنہوں نے کہا کہ سرمائی سرگرمیوں کے ساتھ ان مقامات کو ملک اور بیرون ملک میں سال بھر فروغ دیا جاسکتا ہے۔اِس سلسلے میں میٹنگ میں فیصلہ لیا کہ پہلگام کلب کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے تاکہ سیاحوں اور سرمائی کھیلوں سے متعلقہ کھلاڑیوں کو بغیر کسی رُکاوٹ کے سہولیت فراہم کی جائیں ۔مزید برآں، میٹنگ نے یہ بھی فیصلہ لیاکہ پہلگام اور سونہ مرگ کے سیاحتی مقامات پر قدرتی آئس سکیٹنگ رِنک کے امکانات کو بھی تلاش کیا جائے گااور گلمرگ میں اوپن ایئر تھیٹر اور گلمرگ اور سونہ مرگ میں آئس پارکس قائم کرنے کے امکانات بھی تلاش کئے جائیں گے ۔میٹنگ میں سیاحوں کے لئے بنیادی سہولیات کی دستیابی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جیسے کہ پورٹ ایبل پینے کے پانی اور سردیوں کے موسم میں تمام مقامات پر بلاتعطل بجلی کو یقینی بنایا جائے۔میٹنگ کا جانکاری دی گئی کہ پہلگام کی سکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے جلد ہی سکینگ کو مکمل وقتی بنیادوں پر فعال کاجائے گا اور سیاحتی مقام پر نئی سکی لفٹیں قائم کرنے کے لئے نئی ڈھلوانوں کی تلاش کی جائے گی یا ان کی نشاندہی کی جائے گی۔میٹنگ میںناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو، جوائنٹ ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر، ڈیولپمنٹ اتھارٹیوں کے چیف ایگزیکٹیو اَفسران، محکمہ کے سینئر افسران اور سیاحتی شراکت داروں نے شرکت کی۔