کتوں کے حملے میں 20کے قریب افراد زخمی ، علاقے میں خوف و ہراس
سرینگر//سرحدی ضلع کپوارہ میں آوارہ کتوں نے کم سے کم 20افراد پر حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ہے جس کی وجہ سے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا ہے اور لوگ خاص کر بچے اور بزرگ افراد کتوں کے ڈر سے گھروں سے باہر نکلنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ وائس آف انڈیا کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ کے ٹاون اور اس کے آس پاس کے علاقوں میںآوارہ کتوں کے حملے میں کم از کم 2درجن افراد زخمی ہوگئے۔رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ آوارہ کتوں کا ایک جھنڈملک محلہ کپواڑہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں گھس گیا اور کتوں نے سخت ہڑ بونگ کی اور لوگوں پر حملے کرتے ہوئے قریب 20افراد کو زخمی کردیا جن کو علاج و معالجہ کیلئے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ وی او آئی نمائندے میر اقبال کے مطابق اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ڈی ایچ کپوارہ کے ایک طبی اہلکار نے بتایا کہ یہاں قریب 12افراد زخمی حالت میں آئے جن کو کتوں نے کاٹا تھا ۔ ادھر زخمیوں کی شناخت 40سالہ ولی محمد ، 55برس کے محمد جمال، 6برس کا صہیب ، 25سالہ لولی سنگھ، 16سالہ جاوید احمد ، 28برس کا ثقلین ،70سالہ غلام محمد ، 55برس کی حفیظہ بیگم ، 60سالہ عبدالاحد حجام 65برس کے غلام محی الدین اور 58سالہ محمد شفیع شامل ہے ۔ ان سبھی افراد کو ابتدائی علاج فراہم کرتے ہوئے اینٹی ریبیز انجکشن بھی دیا گیا ہے ۔ ادھر لوگوںنے اس واقعے پر سخت افسوس کااظہار کرتے ہوئے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں کیوںکہ اب چونکہ سکول کھل گئے ہیں اور امتحانات بھی شروع ہوئے ہے تو اس بیچ بچوں کو سکول جانے میں خوف پیدا ہورہاہے ۔










