کہا، قبائلی کمیونٹیوں کی خوشحالی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے
جموں//وزیر برائے قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جموں و کشمیر کے قبائلی علاقوں اورکمیونٹیوںکی ہمہ گیر اور دیرپا ترقی کو فروغ دینے کے مقصد سے آج جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کی طرف سے پیش کردہ ٹرائبل سب پلان (ٹی ایس پی) کا جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے جائزہ کے دوران جامع ترقی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ پلان کو مؤثر طریقے سے منظم،عمل آوری اورنگرانی کی جائے تاکہ اس کے نتائج زمینی سطح پر محسوس کئے جا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا تصور، تشکیل اور اس پر عمل درآمد کیا جانا چاہیے کہ سماجی و اِقتصادی اشاریوں میں ہر شعبے میں قبائلی اور غیر قبائلی کمیونٹیوںکے درمیان پائے جانے والے فرق کو کم کیا جا سکے۔وزیر نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ ٹرائبل سب پلان کے تحت فنڈز کی تقسیم میں نیتی آیوگ کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختص کئے گئے فنڈز کو قبائلی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود کے لئے مؤثر طور پر اِستعمال کیا جائے بالخصوص ان سکیموں کو ترجیح دی جائے جو قبائلی نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔جاوید احمد رانا نے زراعت، باغبانی، ڈیری اوربھیڑو پشوپالن کے شعبوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان میں قبائلی نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسیع امکانات موجود ہیں۔اُنہوں نے ان شعبوں سے متعلق سکیموں کے فروغ پر زور دیاجن میں صلاحیت سازی، ہنر مندی کی تربیت اور قبائلی کیمونٹیوں میں کاروباری مواقع کی ترویج شامل ہو۔ٍ وزیرموصوف کا ٹی ایس پی کا جائزہ اس بات کو یقینی بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے کہ اس منصوبے جو قبائلی علاقوں کی دیرپااور ہمہ گیر ترقی کے لئے مؤثر طریقے سے عملایا جاسکے۔اُنہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کے ساتھ ٹی ایس پی قبائلی کمیونٹیوں کی سماجی و اِقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا اور جامع ترقی کو فروغ دے گا۔اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر حکومت قبائلی بہبود کو اپنی اوّلین ترجیحات میں سرفہرست ہے۔










