نئی دہلی: صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر میں تعلیمی سال 2024-25 کے لئے باضابطہ طور پر تعلیمی وظائف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے بغیر آج کی دنیامیں کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی اور ہمیں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو مذہبی اوراخلاقی تعلیم بھی دینی چاہئے تاکہ وہ آگے چل کر اپنی عملی زندگی میں ایک کامیاب انسان ہی نہیں ایک اچھاانسان بھی بن سکیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہاکہ، ہمیں ایسے اسکولوں اورکالجوں کی اشدضرورت ہے جن میں دینی ماحول میں ہمارے بچے اعلیٰ دنیا وی تعلیم کسی رکاوٹ اور امتیازکے بغیر حاصل کرسکیں۔انہوں نے قوم کے بااثرافرادسے یہ اپیل بھی کی کہ جن کو اللہ نے دولت دی ہے وہ زیادہ سے زیادہ لڑکے اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ ایسے اسکول و کالج بنائیں جہاں بچے دینی ماحول میں آسانی سے اچھی تعلیم حاصل کرسکیں۔واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند اور ایم ایچ اے مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ دیوبند 2012 سے میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے غریب طلباء کو اسکالر شپ فراہم کررہی ہے اسی اسکیم کے تحت ہر سال انجینئرنگ، میڈیکل،ایجوکیشنل، جرنلزم سے متعلق یا کسی بھی ٹیکنیکل، پروفیشنل کورس میں زیر تعلیم مالی طور پر کمزور ایسے طلبہ کو اسکالرشب دی جاتی ہے جنہوں گزشتہ سال کے امتحان میں کم از کم 75%فیصد نمبر حاصل کئے ہوں۔










