ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات پر نئے حملے

تہران/یو این آئی// ایران نے امریکہ کی جانب سے مسلسل چھٹی رات فضائی حملوں کے جواب میں خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات پر نئے حملے کر دیے ۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرون حملوں میں کویت میں امریکی فوج کی تعیناتی اور لاجسٹک سپورٹ مراکز کو نشانہ بنایا۔ ایرانی فوج نے بحرین کے سخیر ایئر بیس پر موجود امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہر قسم کے دباؤ اور دھمکیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔ ادھر قطر کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والے متعدد میزائل حملے ناکام بنا دیے ۔ قطری وزارتِ داخلہ کے مطابق حملوں کے دوران گرنے والے ملبے سے 1 بچہ زخمی ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دوحہ میں متعدد دھماکے سنے گئے ، شہریوں کو موبائل فونز پر سیکیورٹی الرٹس جاری کیا گیا۔ ادھر بحرین میں بھی سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو قریبی محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت کی گئی۔