ایران میں فلمی دنیا کے خلاف کریک ڈاون:تیسرے فلمساز کی گرفتاری

ایران نے ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ فلمساز کو گرفتار کیا ہے.یہ تیسرا ایرانی ہدایت کار ہے جسے ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں حراست میں لیاگیا ہے کیونکہ حکومت نے ملک کی سنیما انڈسٹری کے خلاف کریک ڈاؤن میں اضافہ کیا ہے۔کئی اخبارات نے منگل کو یہ رپورٹ دی ہے کہ ایوارڈ یافتہ ہدایت کار جعفر پناہی کی گرفتاری اور فلم سازوں پر وسیع دباؤ حالیہ پکڑ دھکڑ کی مہم کا حصہ ہے ۔عالمی طاقتوں کے ساتھ تہران کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے ہونے والی بات چیت میں تعطل اور ملک کے معاشی بحران کے خدشات بڑھنے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے متعدد غیر ملکیوں اور ایک ممتاز اصلاح پسند سیاست دان کو حراست میں لے لیا ہے۔ایران کی حکومت سے اختلاف رکھنے والے مشہور فلم ساز پناہی، پیر کی شام تہران میں پراسیکیوٹر کے دفتر گئے تھے تاکہ گزشتہ ہفتے حراست میں لیے گئے اپنے دو ساتھیوں کے مقدمات کی جانچ پڑتال کریں، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے انہیں بھی پکڑ لیا۔ پناہی کے ایک ساتھی نے، جس نے انتقامی کارروائیوں کے خوف کی وجہ سے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ حکام نے پناہی کو ایران کی بدنام زمانہ ایون جیل بھیج دیا تاکہ وہ برسوں پہلے کی قید کی سزا پوری کریں۔2011 میں، پناہی کو حکومت مخالف پروپیگنڈہ کرنے کے الزام میں چھ سال قید کی سزا سنائی گئی ، 20 سال تک انکے فلم بنانے پر پابندی عائد کر دی گئی اور انہیں ملک چھوڑنے سے بھی روک دیا گیاتھا۔