ایران سے نکالے گئے کشمیری طلبا کا پہلا گروپ وطن واپس

ایران سے نکالے گئے کشمیری طلبا کا پہلا گروپ وطن واپس

طالبہ صباء نے گھر پہنچنے پر خوشی کا اظہار، ٹرانسپورٹ پر تشویش بھی ظاہر کی

سرینگر/وی او آئی//جاری علاقائی کشیدگی کے بیچ ایران میں پھنسے کشمیری طلبا کی پہلی کھیپ جمعرات کو وطن واپس پہنچ گئی۔ نو طلبا پر مشتمل یہ گروپ دہلی سے سری نگر پہنچا، جس میں صفا کدل، سری نگر کی رہائشی طالبہ صباء بھی شامل تھیں۔ وی او آئی کے مطابق گھر پہنچنے پر صباء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، میں بہت خوش ہوں کہ آخرکار اپنے گھر پہنچ گئی ہوں، میں ایران سے آٹھ دیگر طلبا کے ساتھ آئی ہوں۔ تاہم انہوں نے دہلی سے سری نگر تک فضائی سفر کی سہولت نہ دیے جانے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اتنے طویل اور تھکا دینے والے سفر کے بعد ہمیں بہتر سہولیات کی امید تھی، لیکن ہمیں ایس آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنا پڑا، جو مایوس کن ہے۔اس سے قبل جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دفتر کی جانب سے ایک ‘ایکس’ پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے نقل و حمل سے متعلق شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ریذیڈنٹ کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ جے کے آر ٹی سی کے ساتھ تال میل قائم کر کے ڈیلکس بسوں کی سہولت فراہم کریں۔ ادھر جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (JKSA) نے حکومت کی مداخلت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا، اگرچہ ہماری پہلی ترجیح اب بھی کنیکٹنگ فلائٹس کی فراہمی ہے، لیکن ہم وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی صاحب کی فوری مداخلت کے لیے شکر گزار ہیں جن کی کوششوں سے سلیپر بسوں کا بندوبست ممکن ہوا۔ایران میں موجود دیگر کشمیری طلبا کے اہل خانہ ابھی بھی بے چینی سے مزید تازہ اطلاعات کے منتظر ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ باقی طلبا کی واپسی کے عمل میں تیزی لائی جائے۔