سری نگر//محکمہ آرکائیوز ، آرکیولوجی اور میوزیم جموںوکشمیر کی طرف سے ’’ آئیکونِک ہفتہ‘‘ منانے کے ایک حصے کے طورپر ایک ہفتہ طویل صفائی مہم چلا رہا ہے۔اِس پروگرام میں 23؍ اکتوبر سے 29 ؍ اکتوبر تک ہیرٹیج سائٹس ، عبادت گاہوں ، منادر، گوردواروں ، گرجا گھروں اور دیگر مذہبی مقامات کے اِرد گرد حفظان صحت اور مناسب صفائی ستھرائی کو فروغ دینے کے لئے صفائی کی متعدد سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔اِس ہفتہ طویل پہل کے دوران تاریخی اور تعمیراتی اہمیت کے حامل مقامات سے ملبہ ، تباہ شدہ اور ضائع ہونے والی اشیاء کو ہٹانے کے لئے صفائی مہم چلائی جارہی ہے ۔یہ مہمات اِس لئے چلائی جارہی ہیں تاکہ عام لوگوں کو ورثے کے ڈھانچے کے اندر اور اس کے ارد گرد صفائی اور حفظان صحت کی اہمیت کے بارے میں بیداری پید ا کی جاسکے تاکہ ان کی مناسب دیکھ ریکھ اور تحفظ ہوسکے۔محکمہ کے ایک ملازمین نے کہا ،’’ یہ ہر شہری کی سماجی اور اَخلاقی ذمہ داری ہونی چاہیئے کہ وہ اَپنے ثقافتی ورثے کو نئی پود کے لئے صاف ستھرا اور برقرار رکھے۔’’یہ مہم ایس ایم سی سری نگر ، متعلقہ ضلع کی میونسپلٹی ، متعلقہ سکولوں اور کالجوں ، مقامی لوگوں ، زیارت گاہوں ،منادر ، گوردواروں اور گرجا گھروں کے اَوقاف اور ٹرسٹوں کے تعاون سے چلائی جار ہی ہے۔اَب تک یہ مہم مختلف ثقافتی عمارتوں جیسے ہری پربت قلعہ میں مندر امبھیگوری ، مہاراجہ پرتاپ سنگھ کی سمادھی رام باغ سری نگر، مہاراجہ گلاب سنگھ کی سمادھی رام باغ سری نگر ، جناب صاحب مسجد صورہ ، نقشبند صاحب بقعہ عالیہ سری نگر ، حضرت بل سرینگر ، امرسنگھ کالج ہیرٹیج بلڈنگ گوگجہ باغ سری نگر، غوثیہ شریف سرائے پائین سری نگر، وومنز کالج ہیرٹیج بلڈنگ / آفس بلاک ایم اے روڈ سری نگر، وومنز کالج لیبارٹری کلاس روم اے اے روڈ سری نگر، مقبرہ دید مری ملکھاہ نوہٹہ سری نگر، مخدوم صاحب ؒ نوہٹہ سری نگر، مغل مسجد خان پور سرائے چاڈورہ ، بڈگام ، ٹنڈل بسکو سکول بلڈ نگ لال چوک سری نگر اور لال باب زیارت گاہ میں چلائی گئی۔










