لال چوک سے ’’ رن فار پولی تھین فری سری نگر ‘‘ کو بھی ہری جھنڈی دکھائی
سری نگر / /لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں ڈل جھیل کے کنارے سے سائیکلو تھون ایونٹ ’ پیڈل فار ڈل ‘ کوہری جھنڈی دکھائی ۔ سا ئیکلو تھون میں پیشہ ور سائیکل سواروں کے ساتھ مختلف عمر کے زائد اَز200 لڑکے اور لڑکیوں کی پُرجوش شرکت دیکھی گئی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نوجوان پود پر ایک بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم کے اَمن ، خوشحالی اور اتحاد کو یقینی بنائیں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے تاریخی موقعہ کی یاد میں ہونے والی تقریبات میں نوجوانوں کی بڑی تعداد دُنیا بھر میں یہ پیغام دے گی کہ جموں و کشمیر نے پائیدار اَمن اور ترقی کے دور کا آغاز کیا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’ پیڈل فار ڈل ‘ جیسی سرگرمیاں ’’ آزادی کا امرت مہااُتسو ‘‘ کی تقریبات کو نشان زد کرتی ہیں اور پوری انسانیت کو ایک خوشحال مستقبل کی اُمید بھی دیتی ہیں جبکہ شہریوں میں ہماری ثقافتی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا کرتی ہیں ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان عظیم شخصیات کی شراکت کو تسلیم کریں جنہوں نے ایک پُر امن اور خوشحال جموں و کشمیر کی تعمیر میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے اپنے عزم کو مضبوط کیا ہے ۔ اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اس طرح کی تقریبات کا انعقاد کرتے ہوئے کووڈ پروٹوکول اور ایس او پیز کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں ۔ یہ پروگرام محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے زیر اہتمام ’آزادی کا امرت مہااُتسو‘ کے تحت پروگراموں کی سیریز کا ایک حصہ ہے ۔ اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے ’’ رَن فار پولی تھین فری سری نگر ‘‘ کو مشہور گھنٹہ گھر لال چوک سے ہرہ جھنڈی دکھائی ۔ اَپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد یو ٹی میں بہتر ماحولیاتی استحکام لانے کیلئے گلیوں ، جھیلوں اور کمیونٹیوں کو صاف ستھرا بنانا ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پولی تھین کے استعمال کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کرنے کے علاوہ ماحول دوست طریقوں کو اَپنانے کیلئے لوگوں کی حوصلہ افزائی پر خاص زور دیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پہلے ہی جے ایم سی کو 15 دن طویل مہم ’’ پلاسٹک فری جموں ‘‘ چلانے کی ہدایت دی تھی ۔ سری نگر کو پولی تھین فری زون بنانے کے بنیادی مقصد کے ساتھ پولی تھین کے استعمال کے خلاف شعور پیدا کرنے کیلئے 600 شرکاء بشمول طلباء ، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی ریلی شہر کے مختلف علاقوں سے گزری ۔ اِس موقعہ پرپرنسپل سیکرٹری ایچ اینڈ یو ڈی ڈی دھیرج گپتا ،صوبائی کمشنرکشمیرپانڈورانگ کے پولے،ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگرمحمد اعجاز اَسد ، سری میونسپل کارپوریشن اطہر عامر خان ، ڈی ڈی سی ممبر اعجاز حسین کے علاوہ سول اور پولیس اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور بڑی تعداد میں معزز شہری موجود تھے ۔










