آندھرا پردیش میں سمندری طوفان کا خطرہ ، شدید طوفان میں تبدیل ہونے کا اندیشہ

آندھرا پردیش میں سمندری طوفان کا خطرہ ، شدید طوفان میں تبدیل ہونے کا اندیشہ

وشاکھاپٹنم/وجے واڑہ/یواین آئی// خلیج بنگال میں بننے والا کم دباؤ کا علاقہ گزشتہ تین گھنٹوں سے ایک ہی مقام پر مستحکم رہنے کے بعد اب مزید شدت اختیار کررہا ہے ۔محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کی بنیاد پر آندھرا پردیش اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر پرکھر جین نے اتوار کو بتایا کہ یہ موسمی نظام آج گہرے دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا اور پیر تک سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلے گا۔ جین کے مطابق فی الحال یہ دباؤ وشاکھاپٹنم سے 870کلومیٹر دور واقع ہے ۔ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا ہیکہ یہ موسمی نظام 27اکتوبر تک مغربی وسطی خلیج بنگال میں ’شدید سمندری طوفان‘اور 28اکتوبر کی صبح تک ’انتہائی شدید سمندری طوفان‘میں تبدیل ہوسکتا ہے ۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ طوفان 28 اکتوبر کی دوپہر تک باپٹلا اور وشاکھاپٹنم کے درمیان آندھرا پردیش کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے ۔ ساحل سے ٹکرانے کے وقت ہوا کی رفتار 115 سے 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا اندیشہ ہے ۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے ماہی گیروں کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ سمندر میں نہ جائیں، اپنی کشتیوں کو محفوظ طریقے سے باندھ کر رکھیں اور ماہی گیری کے جال محفوظ مقامات پر منتقل کردیں۔ اس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں سمندر کی بلند لہروں کے قریب جاکر سیلفی لینے سے بھی خبردار کیا گیا ہے ۔