واشنگٹن : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے طویل عرصے سے وعدہ کردہ “گولڈن ڈوم” میزائل دفاعی پروگرام کے منصوبہ کا انتخاب کیا ہے، جس پر اگلے تین سالوں میں 175 بلین ڈالر کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا کہ گولڈن ڈوم ہماری موجودہ دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ضم ہوجائے گا اور میری معیادکے اختتام سے پہلے مکمل طور پر آپریشنل ہوجائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام دنیا میں کہیں سے بھی لانچ کیے جانے والے میزائلوں کو روکنے کے قابل ہوگا یہاں تک کہ خلا سے بھی آنے والے میزائلوں کا راستہ روک سکے گا۔اس منصوبے کا آغاز 25ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری سے ہوگا جو ٹرمپ کے نئے اخراجات اور ٹیکسوں میں کٹوتی سے متعلق قانون سازی میں شامل ہے۔اگرچہ درست تفصیلات محدود ہیں لیکن ٹرمپ نے کہا کہ یہ سسٹم زمین ، سمندر اور خلا میں جدید نسل کی ٹیکنالوجیز کو تعینات کرے گا ، جس میں خلا پر مبنی سینسر اور انٹرسیپٹرز شامل ہوں گے۔
انہوں نے خلائی فورس کے جنرل مائیکل گوٹلن کو اس کی ترقی کی نگرانی کے لئے مقرر کیا ہے۔










