مرکزی حکومت نے بیرون ممالک سے غیر قانونی طور سے چلائے جا رہے آن لائن منی گیمنگ پلیٹ فارم کی 357 ویب سائٹ، یو آر ایل کو بلاک کر دیا ہے۔ جی ایس ٹی خفیہ ڈائرکٹوریٹ جنرل (ڈی جی جی آئی) نے آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم کے خلاف اپنی کارروائی تیز کرتے ہوئے ان سائٹس کو بلاک کرنے کے علاوہ 2400بینک کھاتوں کو منجمد بھی کر دیا ہے۔ اس غیر قانونی کام میں گھریلو اور بیرون ملک دونوں آپریٹر شامل ہیں۔
وزارت مالیات نے اس تعلق سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دیکھا گیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم ٹیکس چھپانے کے لیے بغیر رجسٹریشن کے غیر قانونی طور سے گیم آپریٹ کر رہے ہیں ساتھ ہی جی ایس ٹی کی چوری بھی کر رہے ہیں۔
وزارت مالیات کی طرف سے دی گئی اطلاع کے مطابق تقریباً 700غیر ملکی ای- گیمنگ کمپنیاں اس وقت سروس ٹیکس کے معاملے میں خفیہ ڈائریکٹوریٹ جنرل یعنی ڈی جی جی آئی کی جانچ کے دائرے میں ہیں۔ یہ وہ کمپنیاں ہیں جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرایا ہے اور جی ایس ٹی کی چوری کر رہی ہیں۔ جانچ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ یہ آن لائن گیمنگ کمپنیاں لین-دین کے لیے فرضی بینک کھاتوں کا سہارا لے رہی ہیں۔ ڈی جی جی آئی کی طرف سے دو الگ الگ معاملوں میں تقریباً 2400 کھاتوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ ڈی جی جی آئی نے غیر قانونی آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم پر اپنا شکنجہ کستے ہوئے 126 کروڑ روپے کی نکاسی پر فوری اثر سے روک لگا دی ہے۔؎
حکومت کی طرف سے یہ کارروائی 14سی اور نیشنل پمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) کے ساتھ مل کر کی گئی۔
وزارت مالیات نے عوام کو آگاہ کرنے کے ساتھ ہی مشہور شخصیتوں اور سوشل میڈیا انفلوینشرس سے ایسے پلیٹ فارم سے اس طرح کے آن لائن گیمنگ پلیٹ فارم کی تشہیر نہ کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس معاملے سے جڑے تین لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔










