ممبئی : ریاست مہاراشٹر کے وزیر اور شیو سینا کے رہنما گلاب راؤ پٹیل نے کہا ہے کہ خواتین اپنی حفاظت کے لیے بیگ میں لِپ سٹک کے ساتھ خنجر اور مرچ پاؤڈر ضرور رکھیں۔این ڈی ٹی وی کے مطابق گلاب راؤ پٹیل نے یہ بات ہفتہ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہی ہے۔شیو سینا کے رہنما نے ایم ایس آر ٹی سی بس کے کرائے نصف کرنے، لڑکی باہین اسکیم اور لڑکیوں کے لیے مفت تعلیم جیسے حکومتی اقدامات کا حوالہ بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم خواتین کے بااختیار ہونے کی بات کریں تو آج بھی برے واقعات پیش آتے ہیں۔
جب ہم شیو سینا کے رہنما (بال ٹھاکرے) کے خیالات سے متاثر تھے تو خواتین کے خنجر اور مرچ پاؤڈر ساتھ رکھنے کے بیان پر صحافیوں نے ہمیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔‘’لیکن حالات آج بھی ویسے ہی ہیں۔ میری نوجوان خواتین سے درخواست ہے کہ وہ یہ چیزیں (خنجر اور مرچ پاؤڈر) ساتھ رکھا کریں۔ گلاب راؤ پٹیل نے تقریب سے خطاب میں 25 فروری کو پونے کی ایک بس میں 26 سالہ لڑکی کے ساتھ ریپ کے واقعہ سمیت خواتین کے خلاف جرائم کا ذکر بھی کیا۔










