نئی دہلی: اردو کو اپنے وجود کو برقرار رکھنے کے لئے عصری ہم آہنگی اور ٹکنالوجی اپنانے پر زور دیتے ہوئے اندرا گاندھی آرٹ کونسل کے چیرمین رام بہادر رائے نے کہا کہ جب تک اردو علم، ساب، سائنس اور ٹکنالوجی کی زبان رہے گی اس وقت تک اردو پر کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ وہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان (این سی پی یو ایل) کے زیر اہتمام منعقدہ سہ روزہ عالمی اردو کانفرنس بعنوان ‘وکست بھارت کا ویژن، اردو زبان کا مشن سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ اردو ایک بہت خوشحال زبان ہے اور اسے مزید خوشحال بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ کہتے ہیں کہ اردو ختم ہونے والی زبان ہے وہ غلط سوچ رہے ہیں۔ وزارت تعلیم حکومت ہند میں محکمہ لسانیات کی ڈائرکٹر سمن دکشت نے کہا کہ اردو بہت خوب صورت زبان ہے جس کے الفاظ ہندوستان کی تمام زبانوں میں پائے جاتے ہیں، یہ اس زبان کی اہم خصوصیت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل 1996 سے مختلف اسکیموں کے ذریعے اردو کو عوام تک پہنچا رہی ہے ، یہ عالمی کانفرنس بھی اسی کا حصہ ہے ۔مسلم راشٹریہ منچ کے سرپرست اندریش کمار نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے کہاکہ اسلام وطن سے محبت کرنا سکھاتا ہے اس لئے وطن سے محبت نصف ایمان ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہی وکست بھارت کا ویژن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وکست بھارت ویژن اردو کا جشن ہے۔










