امارات میں ریلائنس کا کیمپا برانڈ لانچ

ممبئی: صنعت کار مکیش امبانی کی بڑی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی ذیلی یونٹ ریلائنس کنزیومر پروڈکٹس لمیٹڈ (آر سی پی ایل) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں اپنا مشہور کیمپا برانڈ لانچ کیا ہے ۔ کمپنی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اس لانچ کا اعلان دبئی میں منعقدہ دنیا کے سب سے بڑے فوڈ اینڈ بیوریج سورسنگ ایونٹ ،گلفوڈ میں کیا گیا۔ ریلائنس نے اس پہل کے لیے یو اے ای کی معروف فوڈ اینڈ بیوریج کمپنی اگتھیا گروپ کے ساتھ شراکت داری کی ہے ۔ آر سی پی ایل کے سی او او کیتن مودی نے کہا کہ ہم 50 سال پرانے ہندوستانی برانڈ کیمپا کو یو اے ای کے بازار میں لانے پر انتہائی پرجوش ہیں۔ اس شعبے میں تیزی سے ترقی کے امکانات ہیں اور ہم طویل مدتی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ کیمپا صرف ایک سافٹ ڈرنک نہیں ہے بلکہ ہندوستان کے ورثہ اور ذائقہ کی علامت ہے۔