مہاراشٹرا میں مدرسوں کی جانچ کیخلاف این سی پی کا احتجاج

ممبئی: مہاراشٹرا کے وزیر اور بی جے پی رہنما نتیش رانے کی جانب سے ریاست کے تمام مدارس کی جانچ کرانے کے مطالبے پر سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ نتیش نے اس ضزن میں چیف منسٹر دیویندر فڑنویس کو مکتوب لکھا ہے۔ اس مطالبے کیخلاف این سی پی کے دونوں گروپ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی اور شرد پوار کی قیادت والی این سی پی (ایس پی)، متحد نظر آئے اور انہوں نے سخت مخالفت کا اظہار کیا۔این سی پی کے مرکزی ترجمان آنند پرانجپے نے کہا کہ کسی بھی مذہب کو نشانہ بنانا غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کہیں ملک مخالف سرگرمیاں ہو رہی ہیں تو ممبئی پولیس یا مہاراشٹرا پولیس اسے روکنے کے قابل ہے ؛لیکن صرف مذہب کی بنیاد پر یا تمام مدارس کی جانچ کا مطالبہ بالکل غلط ہے۔این سی پی (ایس پی) کے رہنما جتیندر اوہاڈ نے بھی نتیش رانے کے مطالبے پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ مدارس کی جانچ صرف ریاستی حکومت ہی کیوں کرے؟ سی بی آئی، سی آئی اے، موساد اور ایف بی آئی کو بھی تحقیقات کرنی چاہیے۔ ان لوگوں کو ہندو اور مسلمان کے علاوہ کچھ نظر ہی نہیں آتا۔