جموں// سالانہ کھیلوں کا میلہ ’’اننت کھیل ‘‘2025 سینٹرل یونیورسٹی آف جموں میں 27 ؍جنوری سے 29 ؍جنوری 2025 ء تک بڑے جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا جس میں 600 طلبأ اور 100 فیکلٹی اور عملے کے اَرکان نے 19 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ یہ ایونٹ یونیورسٹی کیمپس بگلا سوچانی میں منعقد ہوا۔کھیلوں کے اس میلے کا اِختتام آج یونیورسٹی کیمپس میں چیف سیکرٹری اَتل ڈولو کی مہمان خصوصی کی حیثیت سے تمغے تقسیم کی تقریب کے ساتھ ہوا۔اَتل ڈولو نے اَپنے خطاب میں سینٹرل یونیورسٹی آف جموں ایک مثالی تعلیمی اِدارے کے اُبھرنے پر ستائش کی اور طلبأ کے لئے یونیورسٹی کی زندگی کے مثبت پہلوئوں کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کھیلوں کے جذبے کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہی وہ جذبہ ہے جو کسی قوم کو عظیم بناتا ہے۔ اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجیش شرما مہمان ذِی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو جین نے طلباء کو جسمانی طور پرفِٹ، اخلاقی طور پر مضبوط اور ملک کے لئے ایک قیمتی اثاثہ بنانے کے عزم کا اِظہار کیا۔ اُنہوں نے طلباء کو کھیلوں کے اصل جذبے کو اَپنانے کا مشورہ دیا۔تقریب کے آغاز میں ڈائریکٹر ڈِی پی اِی پروفیسر وندنا شرمانے تمام شرکأکو خوش آمدید کہا اور اننت کھیل کے مقصد اور جذبے پر روشنی ڈالی اور اِس میںسینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے ہر کھلاڑی نے حقیقی معنوں میں ٹیم سپرٹ، باہمی احترام، اَخلاقی رویے اور شائستگی کا بہترین مظاہرہ کیا۔رجسٹرار سینٹرل یونیورسٹی جموںپروفیسر یشونت سنگھ نے یونیورسٹی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں چیف سیکرٹری نے 51 طلائی کے تمغے، 50 چاندی اور 30 کانسی کے تمغے انفرادی اور ٹیم ایونٹس میں تقسیم کئے۔ اِن ایونٹوں میں کرکٹ، فٹ بال، بیڈمنٹن، والی بال، کھو کھو، کبڈی، جیولین تھرو، ڈسکس تھرو، شاٹ پٹ، لانگ جمپ، اونچی چھلانگ، ٹیبل ٹینس، کیرم، شطرنج، میراتھن اور دیگر کھیل شامل تھے۔ اِس تقریب میں زائد از 400 طلباء اور ملازمین کو انعامات سے نوازا گیا۔سپورٹس میٹ کی ایک منفرد خصوصیت ’’وائس چانسلر ٹرافی‘‘ کا تعارف تھاجو بہترین کارکردگی دکھانے والے سکول کو دی گئی۔ یہ ٹرافی ’’سکول آف ایجوکیشن‘‘ نے جیتی جس نے مختلف مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔










