دہلی انتخابات:بی جے پی نے تیسری فہرست جاری، مصطفیٰ باد سے موہن سنگھ بشٹ کو میدان میں اتارا

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اتوار کو اپنے امیدواروں کی تیسری فہرست جاری کر دی۔ پارٹی نے مصطفیٰ باد اسمبلی حلقے سے موہن سنگھ بشٹ کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ بشٹ کو کراول نگر سے ٹکٹ نہ ملنے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔
کراول نگر سے پانچ مرتبہ رکن اسمبلی رہنے والے بشٹ کو کپل مشرا کے حق میں نظرانداز کرنے پر پارٹی سے اختلافات کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔ بشٹ نے اسے پارٹی کا غلط فیصلہ قرار دیا تھا۔ اس تنازعے کے بعد، بی جے پی نے انہیں مصطفیٰ باد سے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔
گزشتہ ہفتے پارٹی نے دوسری فہرست میں 29 امیدواروں کا اعلان کیا تھا جس میں کپل مشرا کو کراول نگر سے، ہریش کھرانہ کو موتی نگر سے اور حال ہی میں عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والی پرینکا گوتم کو کونڈلی سے میدان میں اتارا گیا۔ بی جے پی نے اب تک 59 نشستوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ دہلی کی 70 اسمبلی نشستوں کے لیے 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کے مطابق دہلی میں کل ایک کروڑ 55لاکھ ووٹرز ہیں جن میں 83.49لاکھ مرد، 71.74لاکھ خواتین اور 25.89لاکھ نوجوان ووٹر شامل ہیں۔ پہلی مرتبہ ووٹ ڈالنے والوں کی تعداد 2.08 لاکھ ہے جبکہ 13 ہزار سے زائد پولنگ مراکز بنائے جائیں گے۔
100 سال سے زائد عمر کے 830 ووٹر بھی اپنی رائے دہی کا استعمال کریں گے۔