نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج شام خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 813ویں عرس کے موقع پر درگاہ کیلئے روایتی چادر روانہ کی ہے۔ یہ چادر مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو اور بی جے پی اقلیتی مورچہ کے صدر جمال صدیقی کے حوالے کی گئی جو خواجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ اجمیر لے جائیں گے اور 4جنوری کو ذ مہ داروں کے حوالے کریں گے۔ یہ گیارہویں مرتبہ ہے جب وزیر اعظم مودی کی طرف سے اجمیر درگاہ کیلئے چادر بھیجی جا رہی ہے۔ راجستھان کے اجمیر میں واقع خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 813ویں عرس کا آغاز چہارشنبہ کی شام چاند نظر آنے کے ساتھ ہو چکا ہے۔ صوفی فاؤنڈیشن کے چیئرمین اور اجمیر درگاہ کے گدی نشین حاجی سید سلمان چشتی نے اس موقع پر کہا کہ یہ روایت 1947 سے جاری ہے کہ ہر سال ملک کا وزیر اعظم درگاہ کیلئے چادر بھیجتا ہے اور امن، بھائی چارے کے لیے دعا کا پیغام بھی دیتا ہے۔










