court

عدالت نے ایم پی انجینئر رشید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا

کورٹ نے این آئی اے سے 27 نومبر تک کیا جواب طلب

سرینگر//پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے شمالی کشمیر کے جیل میں بند رکن پارلیمنٹ شیخ عبدالرشید کی عبوری ضمانت کی درخواست پر اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے، جنہیں انجینئر رشید کے نام سے جانا جاتا ہے۔ درخواست ضمانت میں انجینئر رشید کو پارلیمنٹ کے جاری سرمائی اجلاس میں شرکت کی اجازت مانگی گئی ہے۔ عدالت نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے 27 نومبر تک جواب بھی طلب کیا ہے۔وائس آف انڈیا کے مطابق پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ومل کمار یادو اسی تاریخ کو فیصلہ سنانے کی امید ہے۔ انجینئررشید جو لوک سبھا میں بارہمولہ کی نمائندگی کرتے ہیں اور عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کی قیادت کرتے ہیں، فی الحال ٹیررفنڈنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں دہلی کی تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔رشید کے وکیل نے دلیل دی کہ منتخب نمائندے کی حیثیت سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے رکن پارلیمنٹ کی پارلیمنٹ میں موجودگی ضروری ہے۔ سماعت کے دوران ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات کرتے ہوئے انجینئررشیدنے استدعا کی کہ میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ مجھے عبوری ضمانت دی جائے۔ضمانت کی درخواست کئی مہینوں سے زیر التوا ہے، ایم ایل اے کی قانونی ٹیم نے عدالت سے کارروائی کو تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ کیس کے ایک اور شریک ملزم نے بھی عدالت سے خطاب کرتے ہوئے عدالتی عمل پر الجھن کا اظہار کیا اور ذاتی طور پر سماعت کی درخواست کی۔عوامی نمائندے کے طور پر رشید کی حیثیت کو دیکھتے ہوئے، عدالت نے کیس کو ایک خصوصی ایم پی/ایم ایل اے عدالت میں منتقل کرنے کی سفارش پر بھی غور کیا۔ 21 نومبر کو، ایک این آئی اے کی خصوصی عدالت نے منتقلی کا مشورہ دیا، لیکن این آئی اے اور انجینئررشید کے دفاع دونوں نے این آئی اے ایکٹ میں مخصوص دفعات کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے اس اقدام کی مخالفت کی۔سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لوتھرا نے این آئی اے کی طرف سے تبادلے کے خلاف دلیل دی۔ ایڈوکیٹ وخیات اوبرائے نے، شیخ رشیدکی نمائندگی کرتے ہوئے، ضمانت کی درخواست کو حل کرنے میں تاخیر پر روشنی ڈالی اور ایک تیز ٹرائل کی ضرورت پر زور دیا۔انجینئررشید کو اگست 2019 میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت دہشت گردی کی فنڈنگ کے معاملے میں گرفتار کیا گیا تھا۔ این آئی اے نے حافظ سعید اور سید صلاح الدین سمیت اعلیٰ شخصیات سے تعلق کا الزام لگایا ہے۔ اپنی قید کے باوجود، ایم ایل انے انجینئر رشیدنے جیل سے 2024 کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیا اور بارہمولہ میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر فتح حاصل کی۔