اَخراجات کی نگرانی پر زور دیا اور ضلع میں مانیٹرنگ ٹیموں کے کام کا جائزہ لیا
گاندربل//گاندربل کے الیکشن ایکس پنڈیچر اوبزرور اشوک گوتم نے منی سیکرٹریٹ گاندربل کے کانفرنس ہال میں نوڈل افسروں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر (ڈِی اِی او) گاندربل شیامبیر، ایس ایس پی گاندربل وسیم قادری، ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر مشتاق احمد سمنانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گلزار احمد، ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر عابد اقبال ملک، ڈِسٹرکٹ ٹریجریری آفیسر (ڈِی ٹی او) ڈاکٹر سریر احمد میر اور دیگر اہم افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کا بنیادی مقصد ضلع میں آئندہ جموں و کشمیر اسمبلی اِنتخابات۔ 2024 ء کے لئے ایکس پنڈیچر مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لینا اور تبادلہ خیال کرنا تھا۔ ایکس پنڈیچر اوبزرورنے اِنتخابی اخراجات کے بارے میں الیکشن کمیشن آف اِنڈیا کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اِنتخابی عمل کی سا لمیت کو برقرار رکھنے میں شفافیت اور جوابدہی کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ الیکشن اوبزرور نے بات چیت کے دوران ڈی ٹی او اور دیگر حکام کو نچلی سطح پر اخراجات کی مؤثر نگرانی کو عملانے کے بارے میں تفصیلی ہدایات دیں۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے انہیں ڈِسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ پلان کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اِنتظامیہ پورے اِنتخابات کے دوران شفافیت اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے پُرعزم ہے۔ڈِی ٹی او جو انتخابی اخراجات کے نوڈل آفیسر ہیں، نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق اِنتخابات سے متعلق اخراجات کی سختی سے نگرانی کے لئے ضلع اِنتظامیہ کی طرف سے اُٹھائے گئے فعال اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔بعد میں الیکشن اوبزرور نے ایک الگ میٹنگ میں ایف ایس ٹی، وی ایس ٹی، وی وی ٹی اور اکاؤنٹنگ ٹیموں سمیت انتخابی اخراجات کی نگرانی کرنے والی مشینری کے کام کاج کا جائزہ لیا۔الیکشن اوبزرور نے اِن ٹیموں سے بات چیت کرتے ہوئے ان ٹیموں کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق انتخابی اخراجات کی نگرانی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا مینڈیٹ آزادانہ اور منصفانہ اِنتخابی عمل کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے ٹیم کے ممبران پر زور دیا کہ وہ دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کی اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں جس سے تمام اُمیدواروں کو یکساں مواقع میسر آئیں گے۔میٹنگ کے اِختتام پر اَفسروں کو اخراجات کی رپورٹ بروقت جمع کرنے، انتخابات سے متعلق اخراجات پر کڑی نگرانی اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔دریں اثنا، ایکس پنڈیچر اوبزرور نے انِٹگریٹیڈ ڈسٹرکٹ الیکشن کنٹرول روم میں اِنتظامات کا تفصیلی معائینہ کیا اور عملے سے بات چیت کی اور اِنتخابات سے متعلق سوالات، شکایات اورایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے رہنمائی فراہم کی۔










