مہمان لیڈر اور مودی آج انڈیا ۔ آسٹریلیا کرکٹ میچ کا مشاہدہ کریں گے
احمد آباد: آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البنیز آج چہارشنبہ کو دوروزہ سرکاری دورہ پر گجرات پہنچے ۔ البنیز احمد آباد ہوائی اڈہ سے سابرمتی آشرم گئے جہاں انہوں نے گاندھی جی کے روایتی چرخے کے عملی استعمال کا مشاہدہ کیا۔ احمدآباد شہر کے مختلف حصوں میں آسٹریلیا ئی وزیراعظم کے استقبال میں ہورڈنگ اور بیانر لگائے گئے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے آسٹریلیا ئی ہم منصب البنیز جمعرات کو یہاں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان منعقد ہونے والے چوتھے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے پہلے دن کا میچ دیکھیں گے۔ اپنے دورہ سے قبل آسٹریلیا ئی وزیراعظم نے کینبرا میں صحافیوں سے کہا کہ ان کا دورہ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے۔ البنیز اعلیٰ تجارتی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں (وزیراعظم البنیز) ہندوستان کے وزراء اور تجارتی شعبہ کی اہم شخصیتوں کے ساتھ جارہا ہوں۔ ہمارے علاقہ میں غیرمعمولی ترقی اور متحرک ہونے کیلئے ہندوستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ہندوستان کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور ہمارے شعبہ میں مستحکم اور ترقی کیلئے مضبوطی قائم کرنے کے ہمارے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ البنیزممبئی کا بھی دورہ کریں گے جہاں انہیں آئی این ایس وکرانت پر گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ جمعہ کو وہ نئی دہلی میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کریں گے۔جس کے بعد وہ راج گھاٹ جائیں گے اور وہاں پھول چڑھائیں گے ۔ وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وزیر اعظم البنیز مودی کے ساتھ حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات کریں گے ۔دونوں ممالک کے اعلیٰ رہنما معاہدوں کا تبادلہ کریں گے جس کے بعد وہ میڈیا میں مشترکہ بیان دیں گے ۔ شام کو آسٹریلیائی وزیر اعظم راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مورمو سے ملاقات کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ہفتہ کی صبح روانہ ہوجائیں گے ۔










