جموں//جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس( قائمقام) ،سرپرست اعلیٰ و ایگزیکٹیو چیئرمین جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی جسٹس تاشی ربستن نے آج جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی کے زیر اہتمام جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی کے اشتراک سے لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلز( اے ڈی سیز)کے لئے دو روزہ تربیتی پروگرام کا اِفتتاح کیا ۔جسٹس تاشی ربستن نے اِفتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اِس پروگرام کو ٹریننگ پروگرام کا عنوان دیا گیا ہے لیکن میرے خیال میں پروگرام میں شرکت کرنے والے مندوبین کو ایسی کسی تربیت کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وہ پہلے ہی وُکلأ کے طور پر کام کرتے ہیں اورکرمنل مقدمات میں ملزمان کا دِفاع کر تے ہیں۔اِس دو روزہ پروگرام سے ہم صرف تمام مندوبین کی رہنمائی، حساسیت اور فرائض اور ذمہ داریوں کا ایک وسیع جائزہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔اُنہوں نے مزیدکہا کہ ضرورت مند اَفراد کا دِفاع کرتے ہوئے ایل اے ڈی سی کو سب سے اہم پہلو جس پر غور کرنا ہے وہ نہ صرف ان کے قانونی حقوق کا نفاذ ہے بلکہ ان سے ذاتی اِنسانی رابطے کے ساتھ معاملہ کرنا ہے ۔اُنہیں ایل اے ڈی سیزپر مکمل اعتماد اور بھروسہ کرنے میں آرام دہ اور پُر اعتماد محسوس کرنا چاہیے۔ اِس کے بعد ہی ہم اس مقصد کو حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں گے جس کے لئے یہ سکیم تیار کی گئی ہے۔رجسٹرار جنرل جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ شہزاد عظیم نے اَپنے خطبہ اِستقبالیہ میںکہاکہ جموں و کشمیر جوڈیشل اکیڈمی کا قدیم تعلیمی ماحول صلاحیت سازی کے اس اقدام کے لئے بہترین پس منظر کے طور پر کام کرے گا جس نے لیگل ایڈ ڈیفنس کونسلز کی ایک مؤثر اَفرادی قوت کو تربیت دینے اور پیدا کرنے کا موقع فراہم کیا ہے جو ذہانت، عزم اور کردار کی شاندار خصوصیات سے مالا مال ہیں اوریقیناً معیاری قانونی خدمات فراہم کرنے کے لئے ایک جذبہ اور لگن جو کہ قانونی امداد کے نظام کو مجموعی طور پر مضبوط کرے گی جو پسماندہ لوگوں کے بہترین مفاد کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری اور اِنچارج ڈائریکٹر جے اینڈ کے جوڈیشل اکیڈیمی ایم کے شرما نے لیگل ایڈ ڈیفنس کونسل سکیم کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ایل اے ڈی سی کے تفویض کردہ کونسل سسٹم کے کچھ سمجھے جانے والے فوائد پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے کہاکہ ایل اے ڈی سی سسٹم کے مقاصد اہل اَفراد کو مجرمانہ معاملات میں معیاری اور قابل قانونی خدمات فراہم کرنا اور مجرمانہ معاملات میں پیشہ ورانہ اَنداز میں قانونی اِمداد کے نظام کو منظم اور نافذ کرنا ہے۔ممبر سیکرٹری جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی امت کمار گپتا نے شکریہ کی تحریک پیش کی اور دِن بھر کے پروگرام کی نظامت اَنجام دی۔اِفتتاحی سیشن کے بعد چار تکنیکی سیشن منعقد ہوئے ۔پہلا سیشن ’’پروگرام کا جائزہ اور خود تعارف‘‘کے موضوع پر تھا جس میں ایم کے شرما اور پریم ساگر سیکرٹری ایچ سی ایل ایس سی جموں ریسورس پرسن تھے۔دوسرا سیشن ’’ فوجداری اِنصاف کے نظام میں قانونی اِمداد کی خدمات ‘‘ سے متعلق تھا جس میں ایم کے شرما اور یحییٰ فردوس سیکرٹری ڈی ایل ایس اے جموں ریسورس پرسن تھے۔تیسرا سیشن ’’ لیڈر شپ اینڈ ٹیم بلڈنگ ، ایڈمنسٹریشن اینڈ مینجمنٹ آف ریسورسز‘‘ کے موضوع پر تھا جس میں وائی پی بورنی رجسٹرار ویجی لنس جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور امیت کمار گپتا ریسورس پرسن تھے۔آخری سیشن میں ’’ یوٹی / مجرم کے ساتھ اِنٹرویو ، جیل کے دورے ، دفتری ثقافت اور ہینڈ لنگ انٹر پرسنل‘‘ پر بات ہوئی جس میں راجندر سپرو رجسٹراررولز جموںوکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ اور مرزا سلیم احمد بیگ سپر اِنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل جموں ریسورس پرسن تھے۔










