دنیا کے بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مولانا محمود مدنی کو 15واں مقام

نئی دہلی : دی مسلم 500 کی تازہ فہرست کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کو سال 2023 کیلئے سب سے زیادہ بااثر مسلمان قرار دیا گیا ہے ۔ رائل اسلامک اسٹریٹیجک اسٹیڈیز سنٹر نامی ایک تحقیقی ادارہ کی جانب سے ہر سال دنیا بھر میں سرفہرست 500مسلمانوں کی فہرست جاری کی جاتی ہے ۔ یہ ایک بین الاقوامی اسلامی غیر سرکاری اور آزاد انسٹی ٹیوٹ ہے جو عمان میں واقع ہے ۔ یہ اردن کی ہاشمی سلطنت کے دارالحکومت رائل ال البیت انسٹی ٹیوٹ فار اسلامک تھاٹ کے تحت کام کرتاہے ۔ سرفہرست 10بااثر مسلمان 2023: شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود ، آیت اللہ سید علی خانہ ای ، امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی ، صدر رجب طیب اردغان ، شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین ، جسٹس شیخ محمد تقی عثمانی ، ایچ ایم کنگ محمد ششم ، شیخ محمد بن زاید لنہیان ، ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود وغیرہ وغیرہ ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس معتبر فہرست میں ہندوستان سے جمعیت العلماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کو شامل کیا گیا ۔ محمود مدنی کو سب سے زیادہ بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں 15 ویں نمبر پر رکھا گیاہے ۔