مرکزی حکومت نے کووڈ انفیکشن کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مد نظر رکھتے ہوئے تمل ناڈو، کیرالہ، تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرکے لوگوں کو محتاط رہنے اور کووڈ کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے تمل ناڈو، کیرالہ، تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹر کے پرنسپل سکریٹریوں کو ارسال کئے گئے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے مہینوں سے کووڈ انفیکشن میں مسلسل کمی آئی ہے لیکن گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انفیکشن میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے۔ صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے ان خطوط کی ایک کاپی جاری کی ۔مسٹر بھوشن نے ہر ریاست کے پرنسپل سکریٹری کو ایک الگ خط میں کہا ہے کہ کووڈ انفیکشن کے زیادہ کیسز والے اضلاع اور بستیوں کی نشاندہی کی جانی چاہیے ۔ خطوط میں انہوں نے کیرالہ کے 11، تمل ناڈو کے دو، مہاراشٹر کے چھ اور کرناٹک کے ایک اضلاع کا ذکر کیا ہے جہاں کووڈ انفیکشن میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔خطوط میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ریاستی حکومتوں کو کووڈ رہنما خطوط پر سختی سے عمل کیا جانا چاہئے اور کووڈ ویکسینیشن کو تیز کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ متاثرہ افراد کی مکمل نگرانی کی جائے اور انہیں مقامی سطح پر مکمل علاج فراہم کیا جائے۔دریں اثنا وزارت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹوں میں کوووڈ انفیکشن کے 4041 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ ان کے ساتھ ہی کورونا متاثرین کی تعداد 21 ہزار 177 ہو گئی۔ یہ متاثرہ کیسز کا 0.05 فیصد ہے۔ یومیہ انفیکشن کی شرح 0.95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ملک بھر میں قومی کووڈ ویکسینیشن مہم کے تحت 193.83 کروڑ سے زیادہ افراد کو کووڈ ٹیکے لگائے گئے ہیں ۔










