جموں//وزیر برائے قبائلی امور ، خوراک ، شہری رسد و امور صارفین اور ٹرانسپورٹ مسٹر جاوید احمد رانا نے جموں ڈویژن کے ایس ٹی /ایس سی /او بی سی سیل کے اراکین کے ساتھ ایک اہم ملاقات کی جس میں ان برادریوں کے ساتھ رابطے کو مضبوط بنانے اور ان کی اجتماعی بااختیاری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ اجلاس میں جموں و کشمیر میں ایس ٹی ، ایس سی اور او بی سی کے وحدت ، اجتماعی طاقت اور موثر نمائندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ۔ شرکاء نے مسلسل مکالمے اور مربوط کوششوں کے ذریعے ان برادریوں کی خواہشات اور مسائل کے حل کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا ۔ ایک مضبوط اور بااختیار ایس ٹی /ایس سی /او بی سی سماج کی ضروریات پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ بامعنی بااختیاری صرف نمائندگی تک محدود نہیں بلکہ معیاری تعلیم ، روز گار کے مواقع ، آئینی حقوق سے آگاہی ، سماجی انصاف اور سب کیلئے مساوی مواقع پر مبنی جامع نقطہ نظر کی متقاضی ہے ۔ انہوں نیزوردیا کہ تعلیم سماجی تبدیلی اور خاص طور پر نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے اور اس بات کی اپیل کی کہ اجتماعی کوششیں کی جائیں تا کہ ہر فرد کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنے کا موقع ملے ۔ وزیر نے مزید کہا کہ جامع ترقی تبھی حاصل کی جا سکتی ہے جب معاشرے کے ہر طبقے کو مساوی مواقع ، وقار اور ترقی کے عمل میں بامعنی کردار فراہم کیا جائے ۔ اجلاس میں ضلعی صدر جموں دیہی مسٹر نریش بٹو ، ریاسی سے او بی سی نمائندہ محمد ایوب بھٹ ، بی ڈی سی رحمت علی ، ضلعی سیکرٹری دیہی اے تلک راج بھگت ، ، سابق کارپوریٹر ایم سی جموں سبھاش چندر ، ریٹائیرڈ ایگزیکٹو آفیسر شہری مقامی ادارے ٹھاکر داس کے علاوہ ایس ٹی ، ایس سی اور او بی سی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔










