ممبئی/یو این آئی// برطانیہ کے شاہی خاندان کے اہم رکن پرنس ولیم اور شہزادی کیتھرین (کیٹ) 16نومبر کو تین روزہ دورے پر ممبئی پہنچیں گے ۔ ان کے اس دورے کا اہم ترین پروگرام 17نومبر کو منعقد ہونے والی چھٹی سالانہ ارتھ شاٹ پرائز ایوارڈ تقریب ہوگی، جس کی میزبانی پہلی مرتبہ ہندوستان کررہا ہے ۔پرنس ولیم کی جانب سے قائم کردہ ارتھ شاٹ پرائز کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، آب و ہوا کی تبدیلی کے اثرات میں کمی اور ماحولیات کو درپیش سنگین مسائل کے اختراعی حل تلاش کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔اس سال پانچ منتخب کامیاب امیدواروں کو ان کی غیر معمولی خدمات اور ماحول دوست منصوبوں کے اعتراف میں فی کس 10لاکھ پاؤنڈ کی انعامی رقم دی جائے گی۔ شاہی جوڑے کا یہ دورہ شہزادی کیٹ کیلئے بھی خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ 2024میں سرطان کی تشخیص اور علاج کے بعد پرنس ولیم کے ساتھ یہ ان کا پہلا بڑا مشترکہ بیرون ملک دورہ ہوگا۔ اپنے قیام کے دوران شاہی جوڑا ہندوستانی کرکٹ، فیشن اور فلمی صنعت سے متعلق خصوصی پروگراموں میں بھی شرکت کرے گا۔ تقریب میں کرکٹ کے عظیم کھلاڑی سچن تندولکر، بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور معروف اداکار رامی ملک سمیت دیگر نامور شخصیات شریک ہوں گی۔
برطانیہ کا مشہور پاپ بینڈ’ٹیک دیٹ‘بھی اس موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کرے گا۔ شاہی مہمانوں کی آمد کے پیش نظر ممبئی میں حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متعلقہ حکام کی جانب سے خصوصی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، شاہی جوڑے کی جانب سے ممبئی میں میٹرو ٹرین کے ذریعہ سفر کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
بتایا جاتا ہیکہ وہ شہر میں آمدورفت کیلئے دیگر عوامی نقل و حمل کی سہولیات سے بھی استفادہ کر سکتے ہیں۔










