لکھنؤ: اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنے ضلعی سطح کے رہنماؤں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان اہل ہندو ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرانے کے لیے مہم چلائیں جن کے نام ‘اسپیشل انٹینسیو ریویژن’ یعنی خصوصی تفصیلی نظرثانی کے عمل کے دوران انتخابی فہرستوں سے مبینہ طور پر حذف کر دیے گئے تھے۔ ‘دی انڈین ایکسپریس’ کی رپورٹ کے مطابق، یہ مہم 20 نومبر سے شروع ہونے کی توقع ہے، جس کے تحت پارٹی ہر اسمبلی حلقے میں 10,000 سے 25,000 ووٹروں کے نام دوبارہ شامل کرانے کا ہدف رکھتی ہے۔
یہ اقدام اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے اس دعوے کے بعد سامنے آیا ہے کہ ‘ایس آئی آر’ عمل کے بعد ریاست کی انتخابی فہرستوں سے مبینہ طور پر 1.27 کروڑ ہندو ووٹر غائب ہو گئے ہیں، اور مسلم ووٹروں کے تناسب میں 1.65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ جمعہ، 13 نومبر کو لکھنؤ میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران، یوگی آدتیہ ناتھ، نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور ریاستی بی جے پی صدر پنکج چودھری نے پارٹی عہدیداروں سے کہا کہ وہ اگلے ایک ماہ کے دوران ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے پر توجہ دیں۔
یوگی نے ان اہل ووٹروں کو واپس شامل کرانے کے لیے آنے والے مہینے کو “آخری موقع” قرار دیا۔ اتر پردیش میں ‘ایس آئی آر’ کا عمل 27 اکتوبر 2025 کو شروع ہوا اور اس سال 10 اپریل کو مکمل ہوا۔ اس عمل کے آغاز سے قبل ریاست میں ووٹروں کی تعداد 15.44 کروڑ تھی، جو ‘ایس آئی آر’ کے بعد کم ہو کر 13.39 کروڑ رہ گئی۔
بی جے پی کے ایک رہنما نے کہا کہ اگر 40 لاکھ سے 80 لاکھ نام دوبارہ شامل کر لیے جاتے ہیں تو پارٹی اسے ایک بڑی کامیابی سمجھے گی۔ اطلاعات کے مطابق، آدتیہ ناتھ نے آنے والے مہینے کو “آخری موقع” قرار دیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اہل ووٹروں کے نام فہرستوں میں شامل ہو جائیں۔ بی جے پی کی یہ تشویش جزوی طور پر 2022 کے اسمبلی انتخابات کے دوران کئی حلقوں میں بہت کم فرق (مارجن) سے ہونے والی جیت یا ہار کی وجہ سے ہے۔ پارٹی رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ 5,000 سے 10,000 ووٹروں کے نام خارج ہونے سے بھی 2027 کے انتخابات میں پارٹی کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں۔
اس مہم کے تحت، پولنگ بوتھ کی سطح پر کام کرنے والے کارکنان ایسے ووٹروں کی نشاندہی کریں گے جنہوں نے اپنی رجسٹریشن دیہی حلقوں یا دیگر ریاستوں میں منتقل کر لی ہے، اور ان کی مدد کریں گے کہ وہ اپنے نام واپس اپنے پسندیدہ حلقوں میں منتقل کروا سکیں۔ پارٹی کا یہ بھی ارادہ ہے کہ وہ خواتین اور نوجوان ووٹروں پر خصوصی توجہ دے جو شاید (ووٹر فہرستوں سے) خارج ہو گئے ہیں۔
بی جے پی کے ایک رہنما نے ’دی انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ پارٹی ان حلقوں پر توجہ مرکوز کرے گی جہاں ہندو ووٹروں کے ناموں کی بحالی سے انتخابی امکانات بہتر ہو سکتے ہیں، نہ کہ ان مسلم اکثریتی نشستوں پر جہاں پارٹی کو روایتی طور پر کامیابی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ بی جے پی کے سینئر رہنما نے کہا، “اگر ہم 1.27 کروڑ ناموں کے اعداد و شمار کو دیکھیں، تو فی اسمبلی حلقہ اوسطاً 31,513 ووٹ خارج ہوئے ہیں، جو کہ ایک بڑی تعداد ہے۔ لہٰذا، پارٹی نے یہ ہدف مقرر کیا ہے کہ وہ فہرست سے باہر رہ جانے والے اہل ووٹروں تک پہنچے اور اوسطاً 10,000 سے 25,000 ناموں کو دوبارہ ووٹر فہرستوں میں شامل کرائے۔” ووٹر فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے فی الحال ’اسپیشل سمری ریویژن‘ کا عمل جاری ہے۔ ابتدائی (مسودہ) ووٹر فہرستیں 17 نومبر کو جاری کی جائیں گی، جبکہ دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کا عمل 16 دسمبر تک جاری رہے گا۔ حتمی ووٹر فہرستیں 4 جنوری 2027 کو شائع کیے جانے کی توقع ہے۔










