کولکاتہ/ ایجنسیز // ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے عدالت کی جانب سے نام نہاد انفلوئنسر سواتنتر بھردواج کو سی جے پی کارکن کے والد پر حملہ کے معاملہ میں ضمانت فراہم کئے جانے پر تنقید کی ہے اور ایک سوشیل میڈیا ویڈیو کا حوالہ دیا ہے جس میں یہ انفلوئنسر لوک سبھا رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد کو دھمکی دے رہا ہے ۔ مہول موئترا نے اپنے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا اور تحریر کیا کہ سواتنتر بھردواج شکار پر واپس آگیا ہے ۔ انہوں نے عدالت کی جانب سے اس کو ضمانت دئے جانے پر تنقید کی اور کہا کہ آج ہندوستان میں عدلیہ ہماری دستور کیلئے بڑا خطرہ بن رہی ہے ۔ میں یہ بات کہہ رہی ہوں ۔ یہ ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوا ہے اور اس میں سواتنتر بھردواج کو رکن لوک سبھا چندر شیکھر آزاد کو دھمکی دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ بھردواج کا کہنا ہے کہ چندر شیکھر آزاد کو اس ( بھردواج ) کے بھائیوں کو مارپیٹ کا نشانہ بنانے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ اس کا کہنا تھا کہ جو بھی ان کی گاڑی کو گھیرے ناں ‘ تم لوک کو ہم کچھ نہیں کرنے والے ‘ تم ہمارے لیول کے نہیں ہو ۔ اس کے بعد بھردواج کا کہنا تھا کہ ’’ تمہارا جو باپ ہے ‘ چندر شیکھر آزاد راون ‘ اس کو جاکے مسیج پہونچا دینا ۔ اس کا کہنا ہے کہ ان لوک کا جو حملہ ہوا ہے اس کا بدلہ لینے ایک برہمن شیر ہے ۔ اس کا نام ہے سواتنتر بھردواج ۔ آکے ٹکرا لینا ۔ دہلی کی پٹیالہ ہاوس عدالت نے سواتنتر بھردواج کو 15 ستمبر سے تین ہفتوں کی عبوری ضمانت دی ہے اور اس پر سخت شرائط عائد کی تھیں کہ وہ کسی طرح کی اشتعال انگیز بیان بازی نہیں کرے گا ۔










