نیہا سنگھ کا ایف آئی آر کے بعد گیت کے ذریعہ طنز

رائے پور/یو این آئی//چھتیس گڑھ میں مبینہ طور پر گمراہ کن ویڈیو نشر کرنے کے معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد لوک گلوکارہ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نیہا سنگھ راٹھور نے گیت کے ذریعہ اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے فیس بک پر بھوجپوری انداز میں گیت گاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی ہے ، جس میں ایف آئی آر اور کارروائی پر حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر طنز کیا گیا ہے ۔ گلوکارہ نیہا نے گیت میں ’’بات بات پر یہ ایف آئی آر کروانا، صاحب چھوڑ دو نا بیٹی بہوؤں کو دھمکانا…‘‘ کے ذریعہ اپنے خلاف ہوئی کارروائی پر سوال اٹھائے ہیں۔ گیت کی شروعات میں انہوں نے کہا کہ عورت پے زور دکھاوے ، ای کیسا مردانا؟ صاحب، چھوڑ دو نا بیٹی بہوؤں کو دھمکانا۔ بات بات پر یہ ایف آئی آر کروانا… گیت کے ذریعہ انہوں نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور مختلف سیاسی مسائل پر بھی طنز کیا۔