عوام کو راحت پہنچانے کیلئے بروقت اور کارگر اقدامات اٹھانے کی ضرورت :علی محمد ساگر

2015کے بعد جموں و کشمیر میں تعمیر و ترقی کی رفتار ماند پڑ گئی :ساگر

سرینگر/ / جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے آج حلقہ انتخاب خانیار کے ڈیلی گیٹوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے عوام کو جھوٹے خواب نہیں دکھائے بلکہ اس جماعت کی حکومتوں کے دوران ہی تینوں خطوں میں بیشتر تعمیر و ترقی کے کام ہوئے۔ نیشنل کانفرنس کی حکومتوں نے ہی یہاں جمہوری، آئینی اور انتظامی اداروں کا قیام عمل میں لایا، ہر ایک شعبے کا بنیادی ڈھانچہ کھڑا کیا، سڑکوں کا جھال بچھایا، نوجوانوں کو سرکاری نوکریاں اور روزگار کے مواقع فراہم کئے، بڑے بڑے فلاحی اداروں کا قیام عمل میں لایا، بجلی پروجیکٹ، فلائی اووری، شاہرائیں، واٹرسپلائی سکیمیں کے علاوہ خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی زندگیاں بہتر بنانے کیلئے تاریخی اور انقلابی اقدامات اٹھائے ۔ انہوں نے کہا کہ 2015کے بعد جموں وکشمیر میں تعمیر و ترقی کی رفتار ماند پڑ گئی اور آج حالت یہاں تک آپہنچے ہیں کہ یہاں کا ہر ایک شعبہ تنزلی کا شکار ہوگیا ہے اور عوام کو دور دور تک روشنی کی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔اس سے قبل ضلع سرینگر کے حلقہ انتخاب خانیار کے ایک بلاک کا الیکشن پارٹی کے جنوبی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری کی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، یوتھ صدر سلمان علی ساگر اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔ اس موقعے پر بشیر احمد وانی کو بلامقابلہ صدرِ بلاک منتخب کیا گیا۔ علی محمد ساگر نے اس موقعے پر اپنے خطاب میں اُمید ظاہر کی کہ پارٹی الیکشنوں میں مختلف عہدوں پر منتخب ہونے والے اراکین پارٹی کی مضبوطی کیساتھ ساتھ خود کو عوام کیلئے وقف رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جموں و کشمیر کو زبردست چیلنجوں کا سامنا ہے اور ایسے میں نیشنل کانفرنس کی مضبوطی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی جڑیں تینوں خطوں میں پیوست ہے اور اس جماعت کی عوام مقبولیت مختلف ادوار میں ثابت ہوئی ہے اور یہ جماعت آج بھی تینوں خطوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔