یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر کشمیر اور جموں میں سخت حفاظتی انتظامات

لیفٹنٹ گورنر مرکزی تقریب کی صدارت کریں گے،وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ مہمان خصوصی ہوں گے

سرینگر// 26جنوری کو یوم جمہوریہ کی تقریبات کو خوش اسلوبی کیساتھ انجام دینے کیلئے جموں کے ساتھ ساتھ وادی کے تمام اضلاع میں سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ سرینگر اور دیگر علاقوں میں جہاں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے وہیں بخشی اسٹیڈیم سرینگر اور مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں کے علاقو ں کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔سی این آئی کے مطابق 26جنوری کی تقریبات کیلئے پوری جموں کشمیر میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور حفاظت کے غیر معمولی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔ مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں اور بخشی اسٹیڈیم سرینگر کے علاقوں کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔تقریبات انجام دینے سے پہلے دونوں اسٹیڈیموں کی تلاشی لے لی گئی سونگھنے والے کتو ں کی خدمات حاصل کی گئی ۔ پولیس وفورسز ذرائع کے مطابق 26 کی تقریبات کے دوران عسکریت پسندوںکے ممکنہ حملوں کو ٹالنے کیلئے بہتر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے پولیس وفورسز کو متحرک کردیا گیا ہے۔ 26 جنوری کے موقعے پر ملک بھر کی طرح جموںوکشمیر میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوگا سب سے بڑی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموںمیں منعقد ہوگی جہاں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا مارچ پاسٹ پر سلامی لینگے اور گار ڈ آف آنر پیش کرئینگے ۔حکام کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا 26 جنوری کو جموں کے مولانا آزاد اسٹیڈیم میں 76ویں یوم جمہوریہ تقریب کی مرکزی تقریب کی صدارت کریں گے، جہاں وہ سلامی لیں گے۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ مہمان خصوصی ہوں گے۔اس سلسلے میں حکومت نے کشمیر اور جموں کے ڈویڑنل کمشنروں کو تقریب کے انتظامات کو مربوط کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ادھر سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم کے ارد گرد تین ٹائروں والی حفاظت کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، سونگھنے والے کتوں کی خدمات حاصل کرنے کے بعد ہی سرکاری اور عام شہریوں کوتقریب میں شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد بھی پولیس وفورسز کے حصار قائم کئے گئے ہیں ۔اسٹیڈیم کی طرف جانے والی شاہرائوں پر چیکنگ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں ،شارپ شوٹرس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہیں، سی سی ٹی وی کیمرو ں کے ذریعے لوگوں کی نقل وحرکت پر کڑی نظر رکھی جار ہی ہیں۔