ہم نے اپنے منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں اُن سب کو ایک ایک کرکے پورا کیاجائے گا/ڈاکٹر فاروق
سرینگر // گزشتہ 10سال کے دوران تاریخی ریاست کو تباہی اور بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا ہے کی بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ نے کہا کہ ہم نے اپنے منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں اُن سب کو ایک ایک کرکے پورا کیاجائے گا۔سی این آئی کے مطابق صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر پر کارکنان، عہدیداران اور لیڈران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ زندگی کے آخری دم تک اس بات کو دہراتے رہے کہ ’’عوام ہی طاقت کا سرچشمہ ہے اور سرداری عوام کا حق ہے‘‘۔ جموںوکشمیر میں جبھی ایک جمہوری حکومت معرض وجود آئی جب عوام نے نیشنل کانفرنس کو بھر پور اشتراک اور تعاون فراہم کیا ۔عوام نے نیشنل کانفرنس کو صرف حکومت میں نہیں لایا بلکہ ایک باری بوجھ اور امتحان میں ڈال دیا جس پر ہمارے وزراء اور اراکین اسمبلی کو کھرا اُترنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے اُمید جس طرح سے ہمارے اسمبلی ممبران خصوصاً نوجوان اراکین اسمبلی دن رات ایک کرکے لوگوں کی راحت کیلئے کام کرتے رہیںگے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے نومنتخب ممبرانِ اسمبلی ہر وقت لوگوں میں رہتے ہیں اور ہمیشہ لوگوں کیلئے دستیاب رہتے ہیں، میں اپنے اسمبلی ممبران سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اسی طرح خود کو لوگوں کیلئے وقف رکھیں کیونکہ لوگوں نے اپنے قیمتی ووٹوں کے ذریعے چُنا ہے۔ ہمیں ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوامی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے ، یہی ہمارا لائحہ عمل ہونا چاہئے۔ صدرِ نیشنل کانفرنس نے کہاکہ حکومت کی حد درجہ کوشش یہی ہے کہ عوام کو راحت پہنچائی جائے انشاء اللہ ریاستی درجہ کی بحالی کے بعد حکومت مزید مؤثر طریقے سے عوامی راحت کے کام کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 10سال کے دوران جموں وکشمیر کو جس تباہی اور بربادی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا نیشنل کانفرنس کی حکومت اس تاریخی ریاست کی شانِ رفتہ پھر ایک بار بحال کرکے ہی دم لے گی۔ ہم نے اپنے منشور میں جو بھی وعدے کئے ہیں اُن سب کو ایک ایک کرکے پورا کیاجائے گا۔










