کیرن ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر اُبھر رہا ہے ۔ جاوید احمد ڈار

کیرن ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر اُبھر رہا ہے ۔ جاوید احمد ڈار

سیاحت سے متعلق 93.91 لاکھ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے تعمیراتی کام مکمل

جموں//وزیر برائے زرعی پیداوار جاوید احمد ڈار نے کہا کہ کپواڑہ ضلع کا کیرن علاقہ حالیہ دنوں میں ایک نئے سیاحتی مقام کے طور پر اُبھرا ہے اور یہاں 93.91 لاکھ روپے کے سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی ترقیاتی کام مکمل کئے گئے ہیں۔وزیر موصوف وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے رُکن قانون ساز اسمبلی میر سیف اللہ کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت نے کیرن کو ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے لئے مالی برس 2024-25 ء کے دوران کیپیکس بجٹ کے تحت ترقیاتی کام شروع کئے ہیں۔وزیر زراعت نے مزید بتایا کہ کئے گئے کاموں میں شیلٹر شیڈزاورگیزبو، عوامی سہولیات، سائن بورڈ، بنچ، لائٹنگ، سیلفی پوائنٹس، ہائیکنگ ٹریلز، بچوں کے لئے تفریحی زون اور سیاحوں کی سہولیت کے لئے دیگر بنیادی ڈھانچے شامل ہیں۔ اِس کے علاوہ محکمہ سیاحت کیرن میں ایک دو بیڈ روم کا ہٹ بھی تعمیر کر رہا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ کیرن ایک نیا سیاحتی مقام بن کر اُبھرا ہے اور گزشتہ دوبرسوں کے دوران بڑی تعداد میں سیاحوں نے یہاں کا رُخ کیا ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ کیرن، جو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور کشن گنگا ندی کے درمیان واقع ہے سیاحوں کوقدرتی خوبصورتی ،پُرسکون مناظر اور مقامی ثقافت کا ایک منفرد امتزاج فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال کیرن، گم گنڈ، دیدی کوٹ اور ووگبل میں کسی ٹوراِزم ڈ یولپمنٹ اَتھارٹی کے قیام کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔