ستیش شرما نے ترنگا لہرایا ، جامع ترقی کیلئے حکومت کے وژن کا خاکہ پیش کیا
کٹھوعہ //سپورٹس اسٹیڈیم کٹھوعہ میں 76 واں یومِ جمہوریہ حب الوطنی کے جذبے اور شان و شوکت کے ساتھ منایا گیا جہاں ایف سی ایس اینڈ سی اے ، ٹرانسپورٹ ، یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، اے آر آئی اینڈ ٹریننگ کے وزیر ستیش شرما نے قومی پرچم لہرایا ۔ وزیر موصوف نے پولیس ، نیم فوجی دستوں ، فاریسٹ پروٹیکشن فورس ، کالج اور اسکول کے طلباء کے علاوہ پولیس اور سکول بینڈ کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کی سلامی لی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے عوام کو یومِ جمہوریہ کی دلی مبارکباد پیش کی اور ہندوستان کی جمہوری اقدار اور ملک کے آزادی پسندوں کی قربانیوں کے جشن کے طور پر اس دن کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ 1950 میں یہ دن تھا جب ہماری قوم نے انصاف ، بھائی چارے اور مساوات پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے سفر کا آغاز کیا ۔ ترقی کا یہ سات دہائیوں پر محیط سفر ہمارے جامع نظریے ، قومی اتحاد ، محنت اور حرکیات کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ وزیر نے مزید کہا کہ آج ایک پراعتماد ہندوستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں سے ایک ہے ۔ جنرل زوراور سنگھ ، برگیڈئیر راجندر سنگھ اور دیگر بہادر دلوں کی بہادری کو یاد کرتے ہوئے وزیر نے ان فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں ۔ حکومت کی کامیابیوں اور ترقیاتی وژن کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے جموں و کشمیر میں شہریوں کی سماجی و معاشی حیثیت کو بڑھاوا دینے کے اقدامات کے بارے میں بات کی ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی متحرک قیادت کے تحت جامع ترقی ، گُڈ گورننس اور سب کیلئے مواقع کو فروغ دینے کیلئے حکومت کے عزم کی تصدیق کی ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کٹھوعہ ضلع انتظامیہ مقررہ اہداف کو حاصل کرنے اور عام لوگوں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کیلئے انتھک محنت کر رہی ہے ۔ اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے ستیش شرما نے کہا ’ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم اپنے ملک کے وقار کو برقرار رکھیں گے ، اپنے متعلقہ شعبوں میں سخت محنت کریں گے اور ہندوستان کو دنیا کے لئے امید اور تحریک کی ایک کرن بنائیں گے ۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں کی جانب سے حب الوطنی کے گیت اور رقص سمیت دلکش ثقافتی پرفارمنس پیش کی گئی ۔ اس تقریب میں ایم ایل اے کٹھوعہ ڈاکٹر بھارت بھوشن ، ایم ایل اے برنوٹی راجیو جسروٹیہ ، ایم ایل اے ہیرا نگر وجے شرما ، ڈی ڈی سی چئیر مین کرنل ( ریٹائیرڈ ) مہان سنگھ ، وائس چئیر مین ڈی ڈی سی رگھونندن سنگھ ، سابق ایم پی چوہدری لال سنگھ ، ڈی سی کٹھوعہ ، ایس ایس پی ، اے ڈی سی ، اے سی آر ، سی پی او اور دیگر ضلع اور سیکٹرل افسران بھی موجود تھے ۔










