dooran

کٹھوعہ میںآتشزدگی کے دوران دم گھٹنے سے ایک ہی کنبہ کے 6افراد لقمہ اجل ، 4افراد ہسپتال میں داخل

ایل جی منوج سنہا ،وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،محبوبہ مفتی ، غلام نبی آزاد، طارق قرہ سمیت دیگر لیڈران کااظہار دکھ

سرینگر//کٹھوعہ میں اُس وقت قیامت صغراء بپا ہوئی جب آتشزدگی کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے 6افراد جن میں چار بچے بھی شامل ہیں دم گھٹنے سے فوت ہوگئے ہیں ۔اس واقعے کی وجہ سے ضلع بھر میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی جبکہ پولیس، فوج، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے کے افسران جائے واردات پر پہنچے اور بچائو کارروئیوں میں حصہ لیا ۔ ادھر اس سانحہ پر ایل جی منوج سنہا، جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ ، محبوبہ مفتی ، ڈاکٹر فاروق عبداللہ ، طارق حمیدہ قرہ ، جی اے میر، الطاف بخاری ، میر واعظ کشمیر ، مفتی اعظم مفتی ناصر الااسلام اور دیگر اہم شخصیات نے دکھ اور افسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کااظہار کیا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق کٹھوعہ کے شیو نگر میں سابق ڈی ایس پی کے گھر آتشزدگی کے دوران 6 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے، جن میں 2 نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ 4 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ آتشزدگی کے وقت سبھی لوگ نیند میں تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے شیو نگر میں ایک گھر میں آگ لگ جانے سے 6 لوگوں کی جان چلی گئی۔ وہیں 4 لوگوں کو ریسکیو کرکے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج چل رہا ہے۔ جائے وقوع پر پہنچے افسروں نے بتایا کہ صبح میں یہاں ایک گھر میں آگ لگ گئی جس میں 2 بچوں سمیت 4 لوگوں کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی۔ افسروں کے مطابق مقامی لوگوں نے صبح قریب ڈھائی بجے آگ دیکھی اور وہ گھر کی طرف دوڑے، وہاں پہنچنے پر دیکھا کہ پورے گھر میں گھنا دھواں بھر گیا ہے جبکہ گھر میں رہنے والے لوگ سو رہے تھے۔ اس کے بعد متاثرین کو کٹھوعہ کے سرکاری میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا، جہاں دو نابالغوں سمیت 6 افراد کو مردہ قرار دے دیا گیا۔اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے کہا کہ 10 لوگوں کو اسپتال لایا گیا جن میں 6 افراد کی موت پہلے ہی ہوچکی تھی جبکہ دیگر 4 زخمی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی جانچ سے پتہ چلتا ہے کہ متاثرین کی موت دھواں منھ کے اندر جانے کے بعد دم گھٹنے سے ہوئی۔ مہلوکین کی شناخت 4سالہ ادوک رینا ،تین برس کی تکشک رینا، 15سالہ دانش بھگت ، 17برس کا گنگا بھگت ، 25سالہ برکھا رینا اور 81برس کااوتار کرشن کے طور پر ہوئی ہے۔کٹھوعہ کے جس گھر میں آلگ لگی ہے، یہاں پر سبکدوش ڈی ایس پی 81 سالہ اوتار کرشنا رینا کا کنبہ رہ رہا تھا جو خود بھی اور ان کے کنبہ کے تین دیگر رکن جل کر مارے گئے ہیں، جبکہ ہلاک ہوئے دو دیگر ان کے پڑوسی کنبہ کے تھے، آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے، پولیس کی جانچ جاری ہے۔جی ایم سی کٹھوعہ کے پرنسپل سریندر کمار نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد جتنے بھی لوگ اسپتال میں مردہ لائے گئے ہیں، ان کے جسم پر جلنے کے زیادہ زخم نہیں ہیں۔ یعنی زیادہ تر کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ مرنے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں، جن کی عمر 3 اور 4 سال کی بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ مردہ ڈی ایس پی کی بیٹی اور 2 بھائی کے بیٹے ہیں، ان سب کی عمر 17، 25 اور 15 سال کے درمیان ہے۔ادھر اس سانحہ کی وجہ سے ضلع بھر میں صف ماتم بچھ گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد جائے موقع پر پہنچی ۔ ادھر پولیس نے اس ضمن میں رپورٹ درج کرلی ہے ۔