سیکورٹی خدشات کے پیش نظر انتظامیہ کا فیصلہ صادر
سرینگر/// یو این ایس / حکام نے قومی سلامتی سے متعلق خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے جموں کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس کے استعمال پر دو ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔یہ حکم ضلع مجسٹریٹ راجیش شرما کے ذریعہ جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سائبر پابندیوں کو روکنے اور ممنوعہ ایپلی کیشنز، ویب سائٹس اور ڈیجیٹل مواد تک رسائی حاصل کرنے کے لیے بعض افراد اور گروپس کے ذریعے وی پی این خدمات کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔حفاظتی اقدام بھارتی شہری تحفظ سنہتا (BNSS) 2023 کی دفعہ 163 کے تحت نافذ کیا گیا ہے۔ یہ کٹھوعہ ضلع کی علاقائی حدود میں کام کرنے والے تمام افراد، اداروں، سائبر کیفے اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں پر لاگو ہوتا ہے، جب تک کہ کسی مخصوص حکومتی حکم کے ذریعے واضح طور پر مستثنیٰ نہ ہو۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، کٹھوعہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس ہدایت پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ حکم نامے میں متنبہ کیا گیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ پابندی 24 دسمبر سے فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے اور یہ دو ماہ تک برقرار رہے گی۔










