کٹرا سے کشمیر تک ریل سروس کی شروعات کیلئے جاری تیاریوں

کٹرا سے کشمیر تک ریل سروس کی شروعات کیلئے جاری تیاریوں

انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون نے کٹرا، ریاسی اور سنگلدان ریلوے اسٹیشنوں اور چناب پل کا دورہ کیا

سرینگر // کٹرا سے کشمیر تک ریل سروس کی شروعات کیلئے جاری تیاریوں کے بیچ انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون کٹرا، ریاسی اور سنگلدان کے ریلوے اسٹیشنوں اور چناب پل کا دورہ کیا جس دوران انہوںنے سیکورٹی صورتحال کا جامع جائزہ لیا ۔ سی این آئی کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس جموں زون، بھیم سین ٹوٹی نے کٹرا بانہال ریلوے سیکشن کے ساتھ ساتھ اسٹریٹجک مقامات کا ایک جامع سیکورٹی جائزہ لیا۔ اْدھم پور ریاسی رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل رئیس محمد بٹ ، ڈی آئی جی ڈوڈہ کشتواڑ رینج شریدھر پاٹل اور دیگر سینئر پولیس اور ریلوے افسران کے ساتھ آئی جی پی نے کٹرا، ریاسی اور سنگلدان کے ریلوے اسٹیشنوں اور چناب پل کا دورہ کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق اس دورے میں موجودہ حفاظتی اقدامات، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعیناتی، نگرانی کے نظام اور کسی بھی ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تخریب کاری کے خلاف تیاریوں کا جائزہ لینے پر توجہ مرکوز کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ آئی جی پی نے زمین پر موجود افسران اور اہلکاروں کے ساتھ بات چیت کی، مختلف ایجنسیوں کے درمیان سیکورٹی پروٹوکول، نگرانی کے نظام اور آپسی تال میل کا جائزہ لیا۔پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پی نے مسافروں کیلئے حفاظتی انتظامات اور اہم انفراسٹرکچر کا جائزہ لیا اور افسران کو حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے اہلکاروں کے ساتھ موثر ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہدایت کی۔فعال پولیسنگ اور انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے اہلکاروں کو چوکسی بڑھانے، سیکورٹی چیکس کو مضبوط بنانے اور پولیس، ریلوے حکام اور دیگر سیکورٹی فورسز کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔آئی جی پی نے کہا،’’مسافروں، رہائشیوں اور اہم انفراسٹرکچر کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل نگرانی اور بہتر حفاظتی اقدامات ایک ترجیح رہے گی‘‘۔توقع ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کٹرا سے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے، کیونکہ کمشنر آف ریلوے سیفٹی نے کٹرہ بارہمولہ سیکشن پر سروس چلانے کیلئے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب کی تاریخ کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔