علاقے میں سنسنی اور خوف کا ماحول، محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف سخت برہمی کااظہار
سرینگر/// جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے گاؤں ویڈناگ کنڈ میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب تیندوے کے حملے میں نصف درجن بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔مقامی لوگوں نے وائس آف انڈیا کے نمائندے غلام نبی کھانڈے کو بتایا کہ ایک جنگلی جانور، جسے تیندوا سمجھا جاتا ہے، ضلع کے ویڈناگ کنڈ علاقے میں ایک گائے کے شیڈ میں گھس گیا اور نصف درجن بھیڑیں موقع پر ہی ہلاک اور پانچ زخمی ہوئے،یہ شیڈ غلام نبی جنجوہ ولد اللہ دین جنجوہ ساکن ویڈناگ اوریل کنڈ کی ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گائے کے شیڈ سے پانچ دیگر بھیڑیں زخمی اور دس لاپتہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ایک درجن سے زائد مویشی جنگلی جانوروں کے ہاتھوں ہلاک ہو چکے ہیں۔بعد ازاں صبح وائلڈ لائف ٹیم کنٹرول روم ڈورو اور بھیڑوں کے محکمے کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور علاقے میں پنجرا لگایا۔محکمہ وائلڈ لائف کو جنگل کے علاقے سے ملحقہ دیہات میں تیندووں کے اکثر آنے جانے کے بارے میں مطلع کر دیا گیا ہے، حکام نے کہا کہ جلد ہی اس جانور کو پکڑ لیا جائے گا۔










