کلدیپ کرشن سدھا نے آرکائیوز ، آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ جموں وکشمیر کے ذریعے’’ مشن اِنسپکشن ‘‘ کا آغاز کیا

کلدیپ کرشن سدھا نے آرکائیوز ، آرکیالوجی اینڈ میوزیم ڈیپارٹمنٹ جموں وکشمیر کے ذریعے’’ مشن اِنسپکشن ‘‘ کا آغاز کیا

سری نگر// آرکائیوز ، آرکیالوجی و میوزیم ڈیپارٹمنٹ جموں و کشمیر نے جموںوکشمیر یوٹی میں ریاستی محفوظ یادگاروں کی حالت اور تحفظ و بحالی کے کاموں کا براہِ راست جائزہ لینے کے لئے’’مشن انسپکشن‘‘ کا آغاز 25 ؍جون سے 30 ؍جون 2025 تک کیا ہے۔اس دوران محکمہ کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیمیں 150 جموںکشمیر بھر میںجاری کاموں اور 54 محفوظ یادگاروں کا معائینہ کریں گی۔ڈائریکٹر آرکائیوز ، آرکیالوجی اینڈ میوزیم جموںوکشمیر کلدیپ کرشن سدھا نے اِس پہل کا تصور کیا ہے اور چھ ٹیمیں تشکیل دی ہیں ۔یہ ٹیمیں محکمہ کے ان منصوبوں کا معائینہ کریں گی جوکیپکس مرحلہ اوّل اور مرحلہ دوم کے تحت’ ورثے کی بحالی ، تحفظ اور دیکھ ریکھ کی سکیم‘ میں جاری ہیں۔یہ ٹیمیں اَپنے اَپنے اَضلاع میں ہر منصوبے کا تفصیلی معائینہ کریں گی اور ریاستی محفوظ یادگاروں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لے کر ان کی خوبصورتی، تحفظ اور بحالی سے متعلق تجاویز بھی پیش کریں گی۔ اگر کسی مقام پر تجاوزات یا کسی قسم کی رُکاوٹ درپیش ہو تو اس کی نشاندہی متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو کی جائے گی تاکہ فوری کاررِوائی کی جا سکے۔یہ ٹیمیںصوبائی اِنتظامیہ،ضلع ترقیاتی کمشنروں اور تعمیراتِ عامہ (پی ڈبلیو ڈی) محکمہ کے ساتھ باہمی تعاون سے کام کریں گی اور ضلعی سطح پر نوڈل اَفسران اور متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئران بھی اُن کے ہمراہ ہوں گے۔مشن کا مقصد ضلعی اِنتظامیہ اور تعمیراتی ایجنسیوں کے ساتھ مؤثر تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ جاری کاموں کی مؤثر نگرانی اور بروقت تکمیل ممکن ہو۔ ٹیمیں مستقبل کے مرحلہ سوم منصوبوں کے لئے سفارشات بھی تیار کریں گی اور نئی یادگاروں کی نشاندہی کریں گی جنہیں ریاستی تحفظ یافتہ یادگاروں میں شامل کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے۔اِس کے علاوہ ٹیمیں اُن مقامات کا بھی دورہ کریں گی جہاں کسی تنازعہ یا قانونی چارہ جوئی کے نتیجے میں یا این او سی کی عدم دستیابی کی وجہ سے کام شروع نہیں ہو سکا۔ٹیمیں متعلقہ ضلعی ترقیاتی کمشنروں کو موجودہ صورتحال، مسائل اور درکار اَقدامات سے آگاہ کریں گی۔ڈائریکٹر کلدیپ کرشن سدھا نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ محکمہ، جموں و کشمیر کے ثقافتی ورثے اور یادگاروں کی بحالی و تحفظ میں بھرپور اور مؤثر کردار اَدا کرے گا اور تمام شراکت داروں اورعمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ معیار اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔