ڈِی ایم آر آر آر کی اننت ناگ اور کولگام میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشقوں کا اِنعقاد

ڈِی ایم آر آر آر کی اننت ناگ اور کولگام میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مشقوں کا اِنعقاد

سری نگر//محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ریلیف ،رِی ہیبلٹیشن و رِی کنسٹرکشن( ڈِی ایم آر آر آر)نے جموں و کشمیر میں گلیشیائی جھیل پھٹنے( جی ایل او ایف) کے خطرے سے نمٹنے کے لئے اننت ناگ اور کولگام اَضلاع میں فرضی مشقوں کا اِنعقاد کیا۔ یہ مشقیں پرنسپل سیکرٹری ڈِی ایم آر آر آرچندرکر بھارتی کی سربراہی میں اَنجام دی گئیں۔یہ مشقیں کمیونٹی اور ابتدائی امدادی کارکنان میں تیاری کے جذبے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر آفات سے نمٹنے کے منصوبوں اور عملے کی صلاحیت کا جائزہ لینے کے لئے کی گئیں۔ان مشقوں کا مقصد وسائل، مواصلاتی نظام اور مقامی نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنا تھا تاکہ اننت ناگ اور کولگام جیسے گلیشیائی جھیلوں سے متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر ردِّعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔فرضی مشقوں سے قبل تفصیلی تربیتی میٹنگ اور ٹیبل ٹاپ ایکسرسائززمنعقد کی گئیں، جن میں گلیشیائی جھیل پھٹنے سے متعلق تمام پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا۔موک ڈرل کے دوران ایک مصنوعی گلیشیائی جھیل پھٹنے کا منظرنامہ تخلیق کیا گیاجس میں نیچے کی طرف سیلاب اور متعدد زمین کھسکنے کے واقعات شامل تھے۔ مقامی کمیونٹیوں، متعلقہ محکموں، ایس ڈِی آر ایف، این ڈِی آر ایف، فوج اور پولیس کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر اِمدادی کارروائیاں انجام دیں۔ طبی ٹیموں نے زخمیوں کی تلاش، اِبتدائی طبی اِمداد اور نقصانات کا تخمینہ لگایا۔یہ مشقیں فائر سروس، ایس ڈِی آر ایف، سول ڈیفنس، این ڈِی آر ایف، مقامی فوجی یونٹ، سی آر پی ایف، آئی ٹی بی پی، محکمہ جنگلات، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر تمام متعلقہ اِداروں کی شراکت سے کی گئیں۔محکمہ ڈِی ایم آر آر آر نے اعلان کیا ہے کہ اس نوعیت کی مشقیں جموں و کشمیر کے اُن تمام اضلاع میں کی جائیں گی جہاں گلیشیائی جھیلوں کا خطرہ زیادہ یا درمیانی سطح پر ہے تاکہ آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے اور جموںوکشمیر یو ٹی میں مضبوط نظام کو فروغ دیا جا سکے۔