ڈاکٹر اروند کاروانی نے پی ایم پیکیج ملازمین کیلئے زیر تعمیرٹرانزٹ رہائش گاہوں کا معائینہ کیا

ڈاکٹر اروند کاروانی نے پی ایم پیکیج ملازمین کیلئے زیر تعمیرٹرانزٹ رہائش گاہوں کا معائینہ کیا

سری نگر//کمشنرریلیف اینڈ رِی ہیبلی ٹیشن (مائیگرنٹس)جموں و کشمیر ڈاکٹر اَروند کاروانی نے شمالی، وسطی اور جنوبی کشمیر میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے زیرِ تعمیر ٹرانزٹ رہائش گاہوں کے متعدد مقامات کا معائینہ کیا۔ڈاکٹر اروند کاروانی نے معائینے کے دوران سائٹ اِنجینئروں سے بات کرتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ اُنہوں نے بالخصوس بائونڈری وال، اندرونی سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی جلد تکمیل کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ حکومت کی طرف سے مقررکردہ معیار کے مطابق الاٹ شدہ کوارٹرز جلد از جلد ملازمین کے حوالے کئے جا سکیں۔ انہوں نے اِنجینئروںکو ہدایت دی کہ وہ کام کے معیار کو یقینی بنائیں۔اُنہوںنے پی ایم پیکیج ملازمین کے ساتھ بات چیت کی اور ان کے مسائل خصوصاً پانی، بجلی، صفائی، بچوں کی تعلیم اور تفریحی سہولیات سے متعلق امور پر توجہ دی۔ اِس کے علاوہ پلوامہ اور کولگام میں پہلے سے موجود پری فیب ڈھانچوں کی مرمت کے مطالبات پر بھی غور کیا گیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ پی ایم ڈِی پی پروگرام کے تحت کشمیرمیں 20 مختلف مقامات پر 6000 کوارٹروں کی تعمیر جاری ہے جن میں سے تقریباً 3,500 مکمل کئے جا چکے ہیں۔ اِس کے علاوہ باونڈری وال، اندرونی سڑکیں، نکاسی آب، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی)، کمیونٹی ہال اور دیگر متعلقہ کام بھی سرعت سے جاری ہیں۔