سری نگر// ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر نے شمالی کشمیر کے نئے قائم شدہ ڈِگری کالجوںکا دو روزہ دورہ کیا تاکہ ان کالجوں کے مجموعی کام کاج اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔ڈائریکٹر کالجزکے ہمراہ ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ، ہاؤسنگ بورڈ، ریونیو اور سیکاپ(ایس آئی سی او پی) کے اعلیٰ تعلیمی افسران بھی تھے۔ڈائریکٹر کالجز نے جی ڈی سی ڈنگی وچھہ میں کالج کے مین اکیڈمک بلاک کی تعمیر میں تاخیر کا نوٹس لیاجس کے لئے آر اینڈ بی کواِنتظامی منظوری بہت پہلے دی گئی تھی۔ اُنہوں نے پرنسپل پروفیسر امتیاز احمد کو ہدایت دی کہ وہ اپروچ روڈ کے حصول میں تیزی لائیںتاکہ کالج سائٹ پر تعمیر کی گئی پری فیبریکٹیڈ ہٹوں کو بغیر کسی تاخیر کے کالج کو وہاں منتقل کر کے فوری اِستعمال میں لایا جاسکے۔اُنہوں نے سول سوسائٹی ڈنگی وچھہ کے ساتھ بھی اِستفساری گفتگو کی اور اُن سے درخواست کی وہ کالج کو اس کی اپنی جگہ پر فعال کرنے میں پرنسپل کی مدد کریں۔اُنہوںنے گورنمنٹ ڈِگری کالج ہادی پورہ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ہاؤسنگ بورڈ کے ایگزیکٹیو اِنجینئر سے کہا کہ وہ جاری منصوبوں کے کام کو تیز کریں اور کالج کے پرنسپل پروفیسر شمیم احمد ڈار کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل پر غور کریں تاکہ فنڈز کو بروقت اِستعمال کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر کالجز نے جی ڈی سی بومئی کے دورے کے دوران تعمیراتی سائٹ کا معائینہ کیا اور کہا کہ کالج کی مرکزی عمارت پر کام کی سست رفتاری ایک سنگین مسئلہ ہے۔ اِ س موقعہ پر سپراِنٹنڈنٹ انجینئر آر اینڈ بی نے اُنہیں یقین دِلایا کہ تعمیراتی کام کی رفتار بڑھا دی جائے گی تاکہ تاخیر کا ازالہ کیا جا سکے۔ہائوسنگ بورڈ کے حکام نے گورنمنٹ ڈِگری کالج تھنڈیم کریری میں یقینی دِلایا کی کہ مرکزی عمارت کی تعمیرکے دوسرے مرحلے کاآغاز پندرہ دن کے اندرہو جائے گا کیوں کہ ٹینڈر کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شیخ اعجاز بشیر نے ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی کے ہمراہ گورنمنٹ ڈِگر کالج سوپور کا بھی دورہ کیا تاکہ لڑکیوں کے ہوسٹل کے نامکمل کام کے طویل عرصے سے زیر اِلتوأ معاملے کا موقعہ پر جائزہ لیا جاسکے۔ایگزیکٹیو اِنجینئر آر اینڈ بی نے یقین دلایا کہ محکمہ تعمیراتی کام کا جائزہ لے گا اور اِس مسئلے کو جلد حل کرنے کے لئے آگے کا لائحہ عمل تجویز کرے گا۔ڈائریکٹر کالجز نے اَپنے دورے کے دوران کالجوں کے اَساتذہ اور طلباء سے بھی بات چیت کی اور کالج کے پرنسپلوں کو ہدایت دی کہ جب تک عمارتیں مکمل طور پر حوالے نہیں کی جاتیں، تعلیمی سرگرمیاں پری فیبریکیٹڈ ہٹوںمیں شروع کی جائیں۔










