سری نگر// چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ریلیف، رِی ہیبلی ٹیشن اور ری کنسٹرکشن (ڈِی ایم آر آر آر) کی دوسری سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایس اِی سی)میٹنگ کی صدارت کی جس میں آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فنڈز (ایس ڈِی آر ایف) کی تقسیم اور استعمال کا احاطہ کیا گیا۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری داخلہ چندراکر بھارتی، پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فارسٹ سریش کمار گپتا اور دیگر سینئر اَفسران نے شرکت کی۔سٹیٹ ایگزیکٹیو کمیٹی ( ایس اِی سی) نے سول ڈیفنس کو مضبوط بنانے کے لئے تمام اَضلاع میں سائرن اور جنریٹروں کی خریداری کے لئے کمانڈنٹ جنرل، سول ڈیفنس کو تیاری اور صلاحیت سازی کے تحت 1.72 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ایس اِی سی نے کمیونٹی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ایک اَقدام کے طور پر جموں، ریاسی، سری نگر اور اننت ناگ اَضلاع کے ڈِگری کالجوں میں موجود این سی سی یونٹوں کو پہلی مرحلے میں آفات سے نمٹنے کی تربیت کے اِنعقاد کے لئے 4 لاکھ روپے کی منظوری دینے پر بھی غورو خوض کیا۔
ایس اِی سی نے جے کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ رولز 2007میں ضروری ترامیم کے لئے ڈائریکٹر جنرل پولیس کو ایس اِی سی کارُکن ( ایکس آفیشیو ) نامزد کرنے پر غور کیا ۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ دستیاب وسائل کا مؤثر اِستعمال نہایت اہم ہے کیوں کہ یہ جانیں بچانے، ردِّعمل کے اوقات کو کم کرنے اور آفات کی صورت میں مجموعی نقصان کو کم کرنے کے لئے کلیدی کردار اَدا کرتا ہے۔ایس اِی سی نے ہر ایجنڈا آئٹم کی اہمیت کو اُجاگر کیا تاکہ یونین ٹیریٹری کو ان آفات سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لئے تیار کیا جا سکے ۔ایس اِی سی نے ایس ڈِی آر ایف وسائل کے شفاف اور جوابدہ اِستعمال کے عزم کا اعادہ کیا اور پیش رفت کا جائزہ لینے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے فریم ورک میں اُبھرنے والے خلا کو دُور کرنے کے لئے باقاعدہ جائزہ میٹنگ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔










