سری نگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے 12ویں قومی یومِ اتحاد کے موقعہ پر سول سیکرٹریٹ میں اَفسران اور ملازمین کو ’اتحاد کا حلف ‘ دِلایا۔یہ تقریب قومی یکجہتی اور اِجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو ازسرِ نو مضبوط کرنے کے مقصد سے منعقد کی گئی۔ اِس موقعہ پر جموں سیکرٹریٹ میں تعینات ملازمین نے بھی بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ تقریب میں شرکت کی۔اِس پُر وقار تقریب کے دوران سول سروس اَفسران نے عہد کیا کہ وہ ملک کی یکجہتی، سا لمیت اور سلامتی کے تحفظ کے لئے خود کو وقف رکھیں گے اور اس پیغام کو اپنے ہم وطنوں تک پہنچائیں گے۔اُنہوں نے اپنے متعلقہ شعبوں میں داخلی سلامتی کو یقینی بنانے اور قومی اتحاد کے جذبے کو مضبوط بنانے کے لئے فعال کردار ادا کرنے کا بھی عزم کیا۔یہ بات قابلِ ذِکر ہے کہ قومی یومِ یکجہتی ہر سال ہندوستان کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی قوم کے اتحاد کے لئے عظیم خدمات کے اعتراف میں منایا جاتا ہے۔یہ دن اس تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے جب سردار پٹیل نے آزادی کے بعد زائد اَز 560 ریاستوں کو بھارتی یونین میں ضم کر کے ایک متحد اور مضبوط ہندوستان کی بنیاد رکھی۔اس سال کی تقریب سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں یومِ ولادت کے طور پر بھی منائی جا رہی ہے۔ اُن کے نظریات، قیادت اور ثابت قدمی آج بھی قوم کو امن، سا لمیت اور اتحاد برقرار رکھنے کی تحریک دیتی ہے۔










