سری نگر//چیف ایگزیکٹیو آفیسر اِی آر اے محمد اعجاز اسد نے پروجیکٹ امپلی منٹیشن یونٹ (پی آئی یو) کو ہدایت دی ہے کہ وہ لل دید ہسپتال سری نگر میں ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے بنائے جانے والے اضافی گائنی بلاک کی تعمیر کے لئے ٹینڈر نگ کے عمل میں تیزی لائیں۔سی ای او سول سیکرٹریٹ سری نگر میں ایک میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے جس میں ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اُنہیں جانکاری دی گئی کہ ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے چلنے والے جے ٹی ایف آر پی کے تحت عمل درآمد کے لیے منتخب کئے گئے کل 213 ذیلی پروجیکٹوں میں سے 200 ذیلی پروجیکٹ اَب تک مکمل ہو چکے ہیں اور اِس منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 1,527 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔
چیف اِنجینئرپی ڈبلیو ڈِی ( آر اینڈ بی) سینٹرل اِنجینئر سجاد نقیب نے لل دید ہسپتال سری نگر میں جے ٹی ایف آر پی کے تحت تعمیر کئے جانے والے اضافی گائنی،اِنفرٹیلیٹی اورآنکولوجی بلاک کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تکنیکی بولیوں کی جانچ کا عمل جاری ہے اور اُمید ہے کہ یہ جلد مکمل ہو جائے گا جس کے بعد اسے ورلڈ بینک کی منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔سی ای او نے چیف اِنجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) سینٹرل کو ہدایت دی کہ جے ٹی ایف آر پی کے تحت اس اہم صحت عامہ کے منصوبے کے بولی کی جانچ کے عمل کو تیز کیا جائے۔
ڈائریکٹر ٹیکنیکل جے ٹی ایف آر پی اورچیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) (نارتھ)اِنجینئر سشیل کمار نے بتایا کہ شمالی کشمیر میں چار پلوں، یعنی وحدینہ، وازہ محلہ، واگورہ اور شراکوارہ کے تعمیراتی کام کا ٹھیکہ دیا جا چکا ہے اور ٹھیکیدار نے وحدینہ پُل کے لئے مواد کی خریداری کا عمل شروع کیاہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ان چاروں پلوں کا کام دسمبر 2025 ء تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل جے ٹی ایف آر پی وچیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی) (نارتھ) نے مزید بتایا کہ پٹن میں تریکولابل پل کی تعمیر کا کام جاری ہے اور حال ہی میں اس پُل پر گرڈر لگائے گئے ہیں۔ توقع ہے کہ یہ ذیلی منصوبہ اپریل 2025 ء تک مکمل ہو جائے گا۔ڈائریکٹر ٹیکنیکل جے ٹی ایف آر پی نے اومپورہ میں ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (اِی او سی) کی تعمیر پرکام کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ ڈورمیٹری بلڈنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور ٹھیکیدار نے عمارت میں نصب کئے جانے والے مختلف الیکٹرومیکنیکل آلات اور لفٹس کی خریداری کا عمل شروع کیا ہے۔سی ای او، اِی آر اے جے ٹی ایف آر پی نے ہدایت دی کہ ٹھیکیدار سے سازو سامان کی خریداری کی موجودہ صورتحال پیش کرے اور انجینئروں کو منصوبے کی رفتار تیز کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت دی تاکہ منصوبہ جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔
چیف اِنجینئر ، پی ڈبلیو ڈِی ( آر اینڈ بی ) ( ساوتھ ) اِنجینئر وِنود کمار نے جنوبی کشمیر میں ٹرنز برج کی تعمیر پر پیش رفت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پُل کے تین سپین پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں جبکہ باقی سپینوں پر کام جاری ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پُل جون 2025 ء تک مکمل کیا جائے گا۔سپر اِنٹندنگ اِنجینئر سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) سجاد کاؤسہ نے بتایا کہ سری نگر شہر میں 45 ڈی واٹرنگ سٹیشنوں کی اَپ گریڈیشن مکمل کی گئی ہے اور یہ مکمل طور پر فعال ہیں۔ سی اِی او اِی آر اے نے ایس ایم سی سے کہا کہ وہ اس منصوبے کو باضابطہ طور پر بند کر کے جلد از جلد اِس کا یوٹیلائزیشن سر ٹیفکیٹ پیش کرے۔ ڈائریکٹر جے کے اِی آر اے جموں اِنجینئر غلام رسول نے بتایا کہ گھلاٹی۔شاہدرا شریف روڈ کی تعمیر میں 95 فیصد سے زیادہ کام مکمل ہو چکا ہے اور اَب صرف 300 میٹر کے حصے پر بٹومین بچھانا باقی ہے جو موسم بہتر ہوتے ہی مکمل کیاجائے گا۔ سڑک کی مارکنگ اور سائن بورڈوںکی تنصیب کا کام بھی جاری ہے۔ میٹنگ میں ایس ای (پی ڈبلیو ڈی) (آر اینڈ بی) (سینٹرل )اِنجینئر نریندر کمار، چیف اکاؤنٹس آفیسر محکمہ صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سجاد وانی،، سری نگر میونسپل کارپوریشن، پی ڈبلیو ڈی (آر اینڈ بی)، جے کے اِی آر اے اور جے ٹی ایف آر پی کے سینئر افسران نے شرکت کی۔










